سرفراز کے بعد بولنگ میں مشیر خان کا جادو،ممبئی کی نو وکٹ سے شاندار فتح
آج یہاں حیدرآباد نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کل کی نامکمل اننگ سات وکٹ پر 166 رن سے کیا۔ صبح کے سیشن میں مشیر خان نے نتن سائی یادو (32) کو آؤٹ کر کے ممبئی کو آٹھویں کامیابی دلائی۔ نتن سائی یادو نے چیما ملند کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 69 رن کی شراکت قائم کی۔
حیدرآباد: سرفراز خان (227) اور کپتان سدھیش لاڈ (104) کی شاندار سنچریوں کے بعد مشیر خان (پانچ وکٹ) اور موہت اوستھی (تین وکٹ) کی تباہ کن گیندبازی کی بدولت ممبئی نے رنجی ٹرافی کے ایلیٹ گروپ ڈی مقابلے میں اتوار کے روز حیدرآباد کو نو وکٹ سے شکست دے دی۔
آج یہاں حیدرآباد نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کل کی نامکمل اننگ سات وکٹ پر 166 رن سے کیا۔ صبح کے سیشن میں مشیر خان نے نتن سائی یادو (32) کو آؤٹ کر کے ممبئی کو آٹھویں کامیابی دلائی۔ نتن سائی یادو نے چیما ملند کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 69 رن کی شراکت قائم کی۔
بعد ازاں کپتان محمد سراج نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے اسکور کو 296 تک پہنچایا۔ محمد سراج (32) کو 67ویں اوور میں اونکار ترمالے نے بولڈ کر دیا۔ سراج اور چیما ملند کے درمیان نویں وکٹ کے لیے 61 رن کی اہم شراکت ہوئی۔
70ویں اوور میں مشیر خان نے سنچری کی جانب بڑھ رہے چیما ملند (85) کو آؤٹ کر کے حیدرآباد کی دوسری اننگز کا خاتمہ 302 رن پر کر دیا۔ اس طرح ممبئی کو جیت کے لیے محض 10 رن کا ہدف ملا۔
ممبئی کی جانب سے مشیر خان نے 79 رن دے کر پانچ وکٹ حاصل کیے، جبکہ موہت اوستھی نے تین اور اونکار ترمالے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
معمولی ہدف کے تعاقب میں ممبئی نے دوسری اننگز میں 3.2 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 12 رن بنا کر مقابلہ نو وکٹ سے اپنے نام کر لیا۔ پہلے ہی اوور میں نتن سائی یادو نے اکھیل ہروڑکر (4) کو آؤٹ کیا۔ آکاش آنند (5) اور ہمانشو سنگھ ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔واضح رہے کہ ممبئی نے پہلی اننگز میں چھ وکٹ پر 560 رن بنا کر اننگز ڈکلیئر کی تھی، جبکہ حیدرآباد کی پہلی اننگز 267 رن پر سمٹ گئی تھی۔