شمالی بھارت

مہنت پرم ہنس کو حراست میں لے لیا گیا

چیف منسٹر نے کہا کہ کاروباری ادارہ لولو مال کو سیاسی اڈہ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ بعض لوگ غیرضروری بیان بازی کررہے ہیں اور مال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے مال کے اندر جانے والوں کی راہ میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔

لکھنو: لولو مال میں نماز کا تنازعہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ایودھیا کے مہنت پرم ہنس داس کو منگل کے دن اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب وہ پانی لے کر مال کے شدھی کرن کے لئے پہنچے تھے۔ انہیں مال میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

 پولیس والوں کے ساتھ معمولی دھکم پیل ہوگئی۔ مہنت نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ اگر سادھو سنتوں کو مال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں تو پھر ایسے مال کو بند کردینا چاہئے۔ مہنت پرم ہنس داس وقفہ وقفہ سے تنازعات پیدا کرنے کے لئے جانے جاتے ہیں۔ انہیں حال میں تاج محل میں داخل ہوکر پوجا کرنے سے روکا گیا تھا۔

 اس سے قبل انہوں نے ہندو راشٹر بنانے کے لئے صدرجمہوریہ کو لکھا تھا۔ غور طلب ہے کہ چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ‘ لولو مال کے باہر احتجاج کے معاملہ میں ضلع اور پولیس انتظامیہ کو ڈانٹ ڈپٹ کرچکے ہیں۔ انہوں نے لکھنو اڈمنسٹریشن کو ہدایت دی کہ غیرسماجی عناصر کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی درہم برہم کرنے اور لاقانونیت سے روکا جائے۔