احمد پاشا قادری کی حالت تشویشناک؛ ایم آئی ایم کے ایم ایل ایز نے کی اویسی اسپتال میں ملاقات، عوام سے کی دعاؤں کی اپیل
اے آئی ایم آئی ایم کے سینئر رہنما اور جنرل سکریٹری سید احمد پاشا قادری کی طبیعت بگڑنے کے بعد پارٹی کے کئی ایم ایل ایز اویسی اسپتال پہنچے اور ان کی صحت کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔
اے آئی ایم آئی ایم کے سینئر رہنما اور جنرل سکریٹری سید احمد پاشا قادری کی طبیعت بگڑنے کے بعد پارٹی کے کئی ایم ایل ایز اویسی اسپتال پہنچے اور ان کی صحت کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ اسپتال سے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملک پیٹ کے ایم ایل اے احمد بلعلہ نے بتایا کہ سید احمد پاشا قادری کی صحت ٹھیک نہیں ہے اور ڈاکٹرز ان کا علاج کر رہے ہیں، لیکن اس وقت عوام کی دعاؤں کی شدید ضرورت ہے۔
احمد بلعلہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا،
"ابھی ہم پاشا کو دیکھ کر آئے ہیں، مزاج ٹھیک نہیں ہے، علاج تو چل رہا ہے ہر زاویے سے، بس یہی کرسکتے ہیں کہ ہم بھی دعا کریں گے اور عوام الناس بھی یہی گزارش ہے کہ پاشا کی صحت کے لئے دعا کریے ۔”
انہوں نے عوام، پارٹی کارکنوں اور خاص طور پر سید احمد پاشا قادری سے عقیدت رکھنے والوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔
سید احمد پاشا قادری، جو اے آئی ایم آئی ایم کے سب سے سینئر اور محترم رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں، طویل عرصے تک سلطان صلاح الدین اویسی کے قریبی دوست اور قابلِ اعتماد ساتھی رہے۔ وہ 2004، 2009، 2014 اور 2018 میں چارمینار اسمبلی حلقے سے مسلسل کامیاب ہوئے۔ 2023 کے تلنگانہ اسمبلی انتخابات سے قبل انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور اس وقت وہ پارٹی کے جنرل سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
سید احمد پاشا قادری کی خرابیٔ صحت کی خبر سامنے آتے ہی پارٹی کارکنوں اور عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اویسی اسپتال میں ڈاکٹرز ان کا مسلسل علاج کر رہے ہیں جبکہ رہنماؤں کی آمد اور دعاؤں کی اپیل سے واضح ہے کہ معاملہ نہایت سنجیدہ ہے۔ عوام امید کر رہے ہیں کہ سید احمد پاشا قادری جلد صحت یاب ہوں گے۔
Munsif News 24×7 اس معاملے کی ہر تازہ ترین اپ ڈیٹ قارئین تک پہنچاتا رہے گا۔