ایر ایشیا کی پرواز گورنر کرناٹک کے بغیر بنگلورو سے روانہ
پروٹوکول شکنی کرتے ہوئے بنگلورو کے کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایرپورٹ سے جمعرات کے دن ایر ایشیا کی پرواز گورنر تھاور چند گہلوت کو لئے بغیر چلی گئی حالانکہ وہ ایرپورٹ لانچ میں انتظار کررہے تھے۔
بنگلورو: پروٹوکول شکنی کرتے ہوئے بنگلورو کے کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایرپورٹ سے جمعرات کے دن ایر ایشیا کی پرواز گورنر تھاور چند گہلوت کو لئے بغیر چلی گئی حالانکہ وہ ایرپورٹ لانچ میں انتظار کررہے تھے۔
سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی۔ گورنر کے پروٹوکول عہدیداروں نے ایرپورٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ ایک پولیس عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی گزارش کے ساتھ یہ بات بتائی۔
ذرائع کے بموجب گہلوت کو جمعرات کی دوپہر ٹرمنل 2 سے حیدرآباد کے لئے پرواز کرنا تھا جہاں سے وہ کانوکیشن میں شرکت کے لئے ذریعہ سڑک رائچور جانے والے تھے۔
ایرایشیا کی فلائٹ کی آمد کے ساتھ ہی گورنر کا لگیج طیارہ میں لوڈ کردیا گیا تاہم کہا جاتا ہے کہ گہلوت کے ٹرمنل پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔ وائی آئی پی لانج سے ان کے پہنچنے تک طیارہ حیدرآباد کے لئے اڑان بھرچکا تھا۔ گورنر نے 90منٹ دوسری پرواز سے حیدرآباد کا سفر کیا۔ راج بھون عہدیداراس مسئلہ پر خاموش ہیں۔
ایرایشیا عہدیدار بھی تبصرہ کے لئے دستیاب نہ ہوسکے۔ کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایرپورٹ چلانے والی بنگلورو انٹرنیشنل ایرپورٹ لمیٹڈ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ہم عام طورپر ایرلائن کے معاملات پر تبصرہ نہیں کرتے۔ براہ ِ مہربانی ایرایشیا سے بات کریں۔