جرائم و حادثات

شمس آباد میں سڑک حادثہ، ایئرپورٹ ملازمہ جاں بحق

سڑک حادثے میں رادھیکا کی موت کے بعد ان کا 8 سالہ بیٹا بے سہارا ہوگیا ہے

حیدرآباد   : اطلاعات کے مطابق رادھیکا ڈیوٹی کے لیے اپنے ایک دوست کی موٹر سائیکل پر ایئرپورٹ جارہی تھیں۔ اسی دوران پیچھے سے تیز رفتاری سے آنے والی ایک کیب نے موٹر سائیکل کو زوردار ٹکر مار دی۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھی رادھیکا شدید زخمی ہوئیں اور موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

موٹر سائیکل چلا رہے ان کے دوست کو بھی شدید چوٹیں آئیں۔ مقامی افراد نے زخمی شخص کو فوری طور پر سرکاری اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ رادھیکا چند سال قبل روزگار کی تلاش میں محبوب نگر ضلع کے جڈچرلہ سے اپنے شوہر راج شیکھر کے ساتھ شمس آباد منتقل ہوئی تھیں۔ وہ ایئرپورٹ پر ملازمت کرتے ہوئے اپنے 8 سالہ بیٹے کی پرورش کر رہی تھیں۔

کچھ عرصہ قبل شوہر راج شیکھر سے جھگڑے کے بعد وہ گھر چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ اس کے بعد رادھیکا تنہا اپنے بیٹے کی پرورش کرتے ہوئے محنت مزدوری کر رہی تھیں۔ تاہم اب سڑک حادثے میں رادھیکا کی موت کے بعد ان کا 8 سالہ بیٹا بے سہارا ہوگیا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی آر جی آئی اے پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ پولیس نے حادثے کا سبب بننے والے کیب ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔

رادھیکا کی اچانک موت پر مقامی افراد نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تشویش ظاہر کی ہے کہ اب ان کے 8 سالہ بیٹے کے مستقبل کا کیا ہوگا۔