اجیت پوار‘ نمبر گیم میں آگے،باغی بھتیجہ کو این سی پی سربراہ شردپوار کا انتباہ
شرد پوار نے کہاکہ میں اپنی پارٹی کا نام و نشان ان لوگوں کے ہاتھوں میں جانے نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ میری تصویر استعمال کررہے ہیں وہ جانتے ہیں کہ ان کے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔
ممبئی: مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار نمبر گیم میں آگے دکھائی دیتے ہیں۔ انہیں سینئر پوار کے حامیوں سے زائد این سی پی ارکان اسمبلی کی تائید حاصل ہے۔ چہارشنبہ کے دن دونوں دھڑوں نے علیحدہ میٹنگس کیں۔ پارٹی پر کنٹرول کی لڑائی شدت اختیار کرگئی۔
اجیت پوار گروپ کی طلب کردہ میٹنگ میں این سی پی کے 53 کے منجملہ 32 ارکان نے شرکت کی جبکہ شردپوار کی میٹنگ میں 18 ارکان اسمبلی موجود تھے۔ دونوں دھڑوں کے ذرائع نے یہ بات بتائی۔
اجیت پوار نے اپنے حامیوں سے خطاب میں کہا کہ شردپوار کی عمر 83 برس ہوگئی ہے۔ کیا وہ اب بھی نہیں تھمیں گے۔ ہمیں آشیرواد دیں اور ہم آپ کی طویل عمر کی دعا کریں گے۔ این سی پی سربراہ شردپوار نے چہارشنبہ کے دن اپنی پارٹی کے اجیت پوار گروپ کو خبردار کیا کہ بی جے پی کے ہر حلیف کو آخرکار ”سیاسی تباہی“ کا سامنا کرنا پڑا۔
اجیت پوار گروپ کا بھی یہی حشر ہوگا۔ پوار سینئر اپنے بھتیجہ کی بغاوت کے بعد ممبئی میں اپنی طاقت کے مظاہرہ کے سلسلہ میں منعقدہ پارٹی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ساتھ جن جن لوگوں نے بھی ہاتھ ملایا اور شریک ِ اقتدار ہوئے وہ آخرکار سیاسی لحاظ سے تباہ و برباد ہوئے۔ اپنے سیاسی حلیفوں کو تیزی سے کمزور کرنا بی جے پی کی پالیسی ہے۔ دیگر ریاستوں میں اس کی کئی واضح مثالیں موجود ہیں۔
شردپوار نے کہا کہ اکالی دل کئی سال بی جے پی کی حلیف رہی‘آج وہ کہیں کی نہیں رہی۔ ایسی ہی صورتِ حال تلنگانہ‘ آندھراپردیش اور بہار میں رونما ہوچکی ہے۔ بہار میں چیف منسٹر نتیش کمار نے اس کا ادراک کرلیا اور آر جے ڈی سے اتحاد کرلیا۔
این سی پی صدر نے کہا کہ جو لوگ بی جے پی کے ساتھ گئے ہیں اب انہیں ایسا نہیں سوچنا چاہئے کہ ان کے ساتھ کچھ مختلف ہوگا۔ شردپوار نے اجیت پوار گروپ کے بیانرس پر اپنی تصویر کے استعمال پر بھی اعتراض کیا اور پوچھا کہ جب وہ لوگ وہاں جاچکے ہیں تو پھر میری تصویر کیوں استعمال کررہے ہیں۔
میں اپنی پارٹی کا نام و نشان ان لوگوں کے ہاتھوں میں جانے نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ میری تصویر استعمال کررہے ہیں وہ جانتے ہیں کہ ان کے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔
جنوبی ممبئی کے چوان سنٹر میں میٹنگ سے خطاب میں جس میں این سی پی کے 53 کے منجملہ تقریباً 12 ارکان ِ اسمبلی موجود تھے‘ 83 سالہ سینئر پولیس نے اقتدار کے لئے بی جے پی کا ہاتھ تھامنے پر اپنے بھتیجہ کو نشانہ ئ تنقید بنایا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے این سی پی کو بدعنوان جماعت کہا تھا اس کے باوجود اجیت پوار نے بی جے پی سے ہاتھ ملالیا۔ اجیت پوار دھڑے کے الیکشن کمیشن سے رجوع ہونے اور پارٹی کے نشان پر حق جتانے پر شردپوار نے اپنے حامیوں کو تیقن دیا کہ وہ کسی کو بھی اپنی پارٹی کا نشان چھیننے نہیں دیں گے۔ سینئر پوار نے کہا کہ آج ہم اقتدار میں نہیں ہیں لیکن عوام کے دلوں میں ہیں۔