غریب لڑکی کے تعلیمی مصارف برداشت کرنے اکھلیش یادو کا اعلان (ویڈیو)
سماج وادی پارٹی کے صدراکھلیش یادو نے جمعہ کے روزاعلان کیا کہ وہ 8 سالہ اننیا یادو کے تمام تعلیمی مصارف برداشت کریں گے جس کا ایک ویڈیوسامنے آیا ہے جس میں اسے اپنی جھگی کے قریب انہدامی کاروائی کے دوران اپنی کتابیں ہاتھ میں لئے دوڑتا ہوا دیکھاجاسکتا ہے۔

لکھنو (پی ٹی آئی) سماج وادی پارٹی کے صدراکھلیش یادو نے جمعہ کے روزاعلان کیا کہ وہ 8 سالہ اننیا یادو کے تمام تعلیمی مصارف برداشت کریں گے جس کا ایک ویڈیوسامنے آیا ہے جس میں اسے اپنی جھگی کے قریب انہدامی کاروائی کے دوران اپنی کتابیں ہاتھ میں لئے دوڑتا ہوا دیکھاجاسکتا ہے۔
امبیڈکرنگر کی اس لڑکی کے ویڈیو پر عوام کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ کی توجہ بھی مبذول ہوئی ہے۔ یادو نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں یوگی آدتیہ ناتھ زیرقیادت حکومت پر طنزکرتے ہوئے کہا کہ جولوگ بچوں کے مستقبل کو تباہ کرتے ہیں حقیقی معنوں میں وہی بے گھرہیں۔
ہم اس بچی کی تعلیم کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ صرف تعلیم یافتہ افراد ہی تعلیم کی قدر کو سمجھ سکتے ہیں۔ انخلاء کی مہمات میں بلڈوزروں کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر نے کہا کہ مشین‘علم‘دانشوری‘ یا ذہانت کی علامت نہیں بلکہ یہ تباہی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلڈوزر غرور کے پہیوں پر چلتا ہے اور اس میں انا کا ایندھن بھراجاتا ہے اور انصاف کی کوئی لگام نہیں ہوتی۔
واضح رہے کہ اننیا کے ایک حالیہ ویڈیو نے برہمی کی لہردوڑادی ہے‘ جس میں اسے اپنے علاقہ میں انہدامی کاروائی کے دوران اپنی کتابوں کے ساتھ دوڑتا ہوا دیکھاجاسکتا ہے۔ کئی افراد نے ایسی انہدامی کاروائیوں کی انسانی قیمت پر سوال اٹھایا ہے۔ مارچ میں انہدامی کاروائی کے دوران اس لڑکی کو اپنی جھگی چھوڑناپڑاتھا۔ کیونکہ یہ مبینہ طور پر قبضہ کی گئی زمین پر تعمیر کی گئی تھی۔
امبیڈکرنگر پولیس نے انہدامی کاروائی کا دفاع کیاتھا اور کہاتھا کہ گاؤں کی زمین پر ناجائزقبضہ ہٹانے یہ کاروائی کی گئی تھی۔ جلال پور‘ تحصیلدار عدالت کے حکم پر انخلاء کی کاروائی کی گئی تھی۔
سرکاری اراضی دوبارہ حاصل کرنے ریوینیو عدالت کے احکام کی مکمل تعمیل کرتے ہوئے انہدامی کاروائی کی گئی۔ سپریم کورٹ نے حال ہی میں اس مسئلہ کا نوٹ لیا ہے اور اطراف واکناف کے علاقوں میں ایسی انہدامی کاروائیوں کے حالات کے بارے میں حکام سے جواب مانگا ہے۔ ویڈیوکے وائرل ہونے کے بعد لڑکی نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ وہ مستقبل میں آئی اے ایس عہدیداربنناچاہتی ہے۔