عوام کی ناراضگی سے توجہ ہٹانے نیا بل لایا جارہا ہے: اکھیلیش یادو
سماج وادی پارٹی سربراہ اکھیلیش یادو نے ہفتہ کے دن الزام عائد کیا کہ بی جے پی حلقوں کی از سر نو حد بندی کی مجوزہ مشق پر اس لئے زور دے رہی ہے تاکہ بیروزگاری، مہنگائی، کسانوں کی پریشانی اور سرکاری نوکریوں میں بھرتی کے امتحانات کی منسوخی جیسے مسائل پر عوام میں جو ناراضگی ہے اُس سے توجہ ہٹائی جائے۔
سنبھل(یو پی) (پی ٹی آئی) سماج وادی پارٹی سربراہ اکھیلیش یادو نے ہفتہ کے دن الزام عائد کیا کہ بی جے پی حلقوں کی از سر نو حد بندی کی مجوزہ مشق پر اس لئے زور دے رہی ہے تاکہ بیروزگاری، مہنگائی، کسانوں کی پریشانی اور سرکاری نوکریوں میں بھرتی کے امتحانات کی منسوخی جیسے مسائل پر عوام میں جو ناراضگی ہے اُس سے توجہ ہٹائی جائے۔
سنبھل میں میڈیا سے بات چیت میں اکھیلیش یادو نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی صرف اقتدار میں جمے رہنے کیلئے نئے لوک سبھا حلقے بنانا چاہتی ہے۔بی جے پی جانتی ہے کہ لوگ اُس سے دور جاچکے ہیں۔ کسان فرٹیلائزر(کیمیائی کھاد) کے معاملہ میں بھڑکے ہوئے ہیں۔ انہیں دھان کے مناسب دام نہیں مل رہے ہیں۔ تاجر خوش نہیں ہیں۔
چین سے آنے والے سامان نے کاروباریوں کیلئے مشکلات کھڑی کردی ہیں۔نوجوانوں کیلئے نوکریاں نہیں ہیں۔بی جے پی حلقوں کی ازسرنو حدبندی کا بل اس لئے لا رہی ہے تاکہ ان مسائل سے توجہ ہٹائی جائے۔بی جے پی کے ایجنڈہ میں روزگار کے موقع پیدا کرنا شامل نہیں ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ دہلی کے جنتر منتر پر نوجوانوں کا حالیہ احتجاج بتاتا ہے کہ نوجوانوں میں بڑی ناراضگی ہے۔
برسراقتدار این ڈی اے کو نشانہ بناتے ہوئے اکھلیش نے پوچھا کہ این ڈی اے کا مطلب کیا ہے؟۔ این ڈی اے کے معنی نفرت کے ہیں۔بی جے پی والے ہر کام نفرت سے کرتے ہیں۔حلقوں کی مجوزہ از سر نو حد بندی پر سماج وادی پارٹی سربراہ نے کہا کہ اُن کی پارٹی مہیلا آرکشن (خواتین تحفظات) کے خلاف نہیں ہے۔
اُسے لوک سبھا اور اسمبلی حلقوں کی از سر نو حد بندی سے اسے جوڑے جانے پر اعتراض ہے۔اُنہوں نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی ویمن کوٹہ کے خلاف نہیں ہے لیکن اس کی آڑ میں حلقوں کی از سر نو حد بندی لائی جارہی ہے۔سماج وادی پارٹی سربراہ نے سوال کیا کہ مودی حکومت مردم شماری کے تازہ اعداد وشمار کیوں استعمال نہیں کررہی ہے؟۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حلقوں کی از سر نو حدبندی میں کسی بھی منتخب نمائندہ کاکوئی بامعنی رول نہیں ہوگا۔حکومت اپنی مرضی سے نئے حلقے بنادے گی۔ ارکان پارلیمنٹ عوام کے نمائندہ ہوتے ہیں لیکن اگر کوئی رکن پارلیمنٹ حدبندی کمیٹی کا رکن بن جائے تو اُس کے پاس کوئی اختیار نہیں ہوگا۔ حکومت جو چاہے کرے گی۔
اکھیلیش نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بی جے پی لوک سبھا حلقوں کا نقشہ پہلے ہی تیار کرچکی ہے۔ وہ یہ یقینی بنانے کی سازش کررہی ہے کہ اقتدار اُس کے ہاتھوں سے کبھی بھی نہ جائے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہندوستان کی سرحدوں کی حفاظت میں ناکام رہی ہے۔ چین کی مداخلت کی وجہ سے ملک کا علاقہ سکڑتا جارہا ہے۔