قومی

پاکستان سے مالی امداد کے الزام پر سی جے پی کا ہتکِ عزت کا دعویٰ

سی جے پی کے شریک کنوینر آشوتوش رانکا نے پاکستانی سیاست دانوں سے مالی امداد ملنے کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر جتیندر سنگھ سے غیر مشروط معافی، بیان کی واپسی اور تین کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا۔

نئی دہلی: سی جے پی (کاکروچ جنتا پارٹی) نے مرکزی وزیر جتیندر سنگھ کو ہتکِ عزت کا قانونی نوٹس جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پارٹی کے شریک کنوینر آشوتوش رانکا کو پاکستانی سیاست دانوں سے مالی امداد ملنے سے متعلق اپنے مبینہ بیان پر عوامی طور پر معافی مانگیں، بیان واپس لیں اور تین کروڑ روپے ہرجانہ ادا کریں۔

پارٹی کے قانونی شعبے نے آشوتوش رانکا کی جانب سے یہ نوٹس جاری کیا ہے۔ یہ معاملہ 3 نومبر 2026 کو بنگلورو میں بی جے پی کی پریس کانفرنس کے دوران جتیندر سنگھ کے مبینہ بیان سے متعلق ہے۔ رانکا نے اخبار ’دی ہندو‘ سے گفتگو میں کہا کہ وہ بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 356 کے تحت دہلی پولیس میں بھی ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کریں گے۔

ایڈوکیٹ ابھیک چمنی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق، جتیندر سنگھ نے الزام لگایا تھا کہ آشوتوش رانکا کو پاکستانی سیاست دانوں کی جانب سے رقم فراہم کی گئی اور وہ اپنے مبینہ سرپرست ثانیہ کے ذریعے بھی مالی امداد حاصل کررہے تھے، حتیٰ کہ آپریشن سندور کے دوران بھی انہیں رقم مل رہی تھی۔رانکا نے ان الزامات کو ”جھوٹا، بدنیتی پر مبنی اور حقائق سے یکسر عاری“ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وزیر نے کسی ایک پاکستانی سیاست دان کا نام تک نہیں بتایا جو اپنے ذاتی یا جماعتی فنڈ سے رانکا کو رقم بھیج رہا ہو۔ نہ کسی رقم، تاریخ، لین دین، بینک کھاتے، دستاویز یا ذریعے کی نشاندہی کی گئی۔ اس طرح کے غیر مصدقہ الزام کو جان بوجھ کر اس انداز میں پیش کیا گیا جیسے وہ کسی سرکاری پریس کانفرنس میں جاری کردہ مستند حقائق ہوں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایک مرکزی وزیر کی جانب سے کسی ثبوت یا تفصیل کے بغیر عوامی سطح پر ایسے الزامات عائد کرنے کا مقصد رانکا کی ساکھ کو نقصان پہنچانا اور انہیں ملک دشمن کے طور پر پیش کرنا تھا۔اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رانکا کے پیشہ ورانہ امور، جن میں میک کنزی اور گاوی کے ساتھ ان کا مشاورتی کام شامل ہے، آمدنی کے جائز ذرائع تھے۔

گزشتہ دو برس کے دوران موصول ہونے والی رقوم باقاعدہ بینکنگ ذرائع سے آئی تھیں، ان کا انکم ٹیکس گوشواروں میں اعلان کیا گیا تھا اور قانون کے مطابق ان کا محاسبہ بھی ہوا تھا۔رانکا نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے میک کنزی کی ایک پرکشش ملازمت اور لندن کی آرام دہ زندگی چھوڑ کر اپنے ملک کی خدمت کے لیے واپسی اختیار کی تھی۔ گزشتہ دو برس سے وہ عوامی زندگی میں سخت محنت کرتے ہوئے ان مسائل کو اٹھاتے رہے ہیں جو ہندوستان کے عوام کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔

میک کنزی، گاوی اور دیگر اداروں کے ساتھ ان کی تمام پیشہ ورانہ وابستگیاں دستاویزی شکل میں موجود ہیں اور ہندوستان کے ٹیکس و حسابات سے متعلق قوانین کے عین مطابق ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ جتیندر سنگھ جیسے لوگوں کو اپنی دیانت داری اور حب الوطنی پر سوال اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔نوٹس کے ذریعے رانکا نے جتیندر سنگھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے الزامات کے حق میں ثبوت پیش کریں، بیان واپس لیں اور غیر مشروط عوامی معافی مانگیں۔

انہوں نے تین کروڑ روپے ہرجانے کا بھی مطالبہ کیا ہے، جس کی پوری رقم ہندوستان میں ابتدائی تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والی کسی فلاحی تنظیم کو عطیہ کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مطالبات پر عمل نہ کیے جانے کی صورت میں رانکا مناسب دیوانی اور فوجداری قانونی چارہ جوئی اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔