قومی

اتراکھنڈ میں 14 مدارس کو نوٹس، نئے ضوابط پر مسلم حلقوں میں تشویش

اتراکھنڈ کے محکمہ اقلیتی بہبود نے مقررہ معیارات کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کرنے والے 14 مدارس کو نوٹس جاری کیے ہیں۔ نوٹس موصول ہونے کے ایک ہفتے بعد بھی کسی مدرسے نے جواب داخل نہیں کیا ہے۔

دہرہ دون: اتراکھنڈ کے محکمہ اقلیتی بہبود نے مقررہ معیارات کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کرنے والے 14 مدارس کو نوٹس جاری کیے ہیں۔ نوٹس موصول ہونے کے ایک ہفتے بعد بھی کسی مدرسے نے جواب داخل نہیں کیا ہے۔ ان میں بیشتر مدارس ضلع ہری دوار میں واقع ہیں۔ریاستی اقلیتی تعلیمی اتھارٹی کے معائنے میں بعض اداروں میں بنیادی سہولتوں کی کمی اور دیگر خامیوں کی نشاندہی ہوئی۔

ان میں طلبہ کے لیے ڈریس کوڈ اور مناسب فرنیچر کا نہ ہونا شامل ہے۔ بعض مساجد میں بھی مطلوبہ منظوری کے بغیر مذہبی تعلیم دیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ نوٹس مقررہ معیارات کی مبینہ خلاف ورزی اور اتھارٹی سے منظوری حاصل کیے بغیر مذہبی تعلیم فراہم کرنے کے الزامات پر جاری کیے گئے ہیں۔

نیوز پورٹل کلیرین انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اس کارروائی کے بعد مسلم حلقوں میں مدارس کے تعلیمی مستقبل اور نئے ضوابط کے منصفانہ نفاذ پر تشویش پائی جاتی ہے۔ بعض افراد نے سوال اٹھایا ہے کہ مسلم تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی حکومت کے اعلان کردہ ”سب کا ساتھ، سب کا وکاس“ کے عزم سے کس حد تک مطابقت رکھتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مسلسل ضابطہ جاتی کارروائی، خصوصاً معاشی طور پر کمزور خاندانوں کے بچوں کو تعلیم دینے والے مدارس کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہے اور مذہبی تعلیم تک رسائی محدود ہونے کا خدشہ ہے۔بعض مسلم حلقوں نے یہ تشویش بھی ظاہر کی ہے کہ ان کے تعلیمی ادارے مسلسل سرکاری جانچ کے دائرے میں ہیں، جبکہ امتیازی سلوک اور مساوی برتاؤ سے متعلق شکایات پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جارہی۔

انہوں نے سوال اٹھایا ہے کہ ضوابط کا نفاذ منصفانہ انداز میں ہورہا ہے یا نہیں اور کیا حکام مسلم بچوں کی تعلیمی ضروریات کو ملحوظ رکھ رہے ہیں؟واضح رہے کہ اتراکھنڈ حکومت نے یکم جولائی 2026 کو نیا نظام نافذ کرتے ہوئے مدرسہ بورڈ ختم کردیا تھا۔ اس کے تحت اسکولی تعلیم فراہم کرنے والے اداروں کے لیے محکمہ تعلیم، جبکہ مذہبی تعلیم دینے والے اداروں کے لیے ریاستی اقلیتی تعلیمی اتھارٹی سے منظوری حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔