الخیر سوسائٹی میں فارغین کو ٹیلرنگ، مہندی ڈیزائننگ اور کمپیوٹر کورسز کی اسناد اور انعامات تقسیم
پروگرام کا آغاز محترم عبدالرزاق صاحب کی تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد افتتاحی کلمات میں امیر جماعت اسلامی ہند، پٹن چیرو، محترم میر حمزہ علی صاحب نے فارغین کو نصیحت کی کہ وہ اپنی حاصل کردہ مہارتوں کو ضائع نہ کریں بلکہ انہیں دوسروں تک منتقل کرکے معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔
حیدرآباد: الخیر سوسائٹی، پٹن چیرو کے زیرِ اہتمام 24 نومبر 2025 کو ٹیلرنگ، مہندی ڈیزائننگ اور کمپیوٹر ٹریننگ کورسز کی فارغین میں اسناد اور انعامات کی تقسیم کا پُروقار پروگرام منعقد ہوا۔
پروگرام کا آغاز محترم عبدالرزاق صاحب کی تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد افتتاحی کلمات میں امیر جماعت اسلامی ہند، پٹن چیرو، محترم میر حمزہ علی صاحب نے فارغین کو نصیحت کی کہ وہ اپنی حاصل کردہ مہارتوں کو ضائع نہ کریں بلکہ انہیں دوسروں تک منتقل کرکے معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔
سکریٹری الخیر سوسائٹی، جناب سید رشیدالدین صاحب نے ادارے کی سرگرمیوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ الخیر سوسائٹی خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت بلا تفریقِ مذہب و ملت کام کرتی ہے۔
اسلامک سوشل سروس سوسائٹی کے آفس مینیجر، جناب محمد عمران صاحب نے سوسائٹی کے تحت جاری امدادی و فلاحی پروگراموں کا ذکر کیا اور حاضرین کو ان سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔
سکریٹری ادارہ جات، جناب سید عبدالقادر ناصر صاحب نے فارغین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حاصل کی گئی مہارتیں نہایت اہم ہیں اور یہ ہنر انہیں خود مختار اور باوقار زندگی گزارنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے نمازوں کی پابندی اور قرآن مجید کے مطالعے اور تدریس پر زور دیا۔
اختتامی خطاب میں جماعت اسلامی ہند، شہر حیدرآباد کے سٹی سکریٹری، محترم مرزا محمد اعظم علی بیگ نے فارغین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ حسن سلوک اور ہمدردی کا مظاہرہ کریں، اپنے حقوق اور دوسروں کے حقوق ادا کریں، اور اپنے سیکھے ہوئے ہنر کو عملی زندگی میں استعمال کرتے ہوئے اسلامی اخلاقیات کا عملی نمونہ قائم کریں تاکہ ایک بہترین معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
اس موقع پر الخیر سوسائٹی کے ذمہ داران، مقامی ناظمہ محترمہ رضیہ صاحبہ، اساتذہ اور انسٹرکٹرز کے علاوہ بڑی تعداد میں خواتین اور طالبات بھی موجود رہیں۔ پروگرام کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا، جس میں ادارے کی ترقی، فارغین کے روشن مستقبل اور سماج میں خیر و بھلائی کے فروغ کے لیے دعا کی گئی۔