عالیہ، پرینکا چوپڑا جونس اور کرینہ کپور کا بھی فلسطین سے اظہار یگانگت
معروف ہندوستانی شخصیات بشمول پرینکا چوپڑا جونس، عالیہ بھٹ اور کرینہ کپور خان نے رفح کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 45 افراد کی موت کے بعدفلسطین کے ساتھ اظہار یگانگت کیا ہے۔

نئی دہلی: معروف ہندوستانی شخصیات بشمول پرینکا چوپڑا جونس، عالیہ بھٹ اور کرینہ کپور خان نے رفح کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 45 افراد کی موت کے بعدفلسطین کے ساتھ اظہار یگانگت کیا ہے۔
جنوبی غزہ کے شہر رفح پر حملوں کے لیے اسرائیل کی مذمت کی جارہی ہے۔ مقامی صحت عہدیداروں نے کہا کہ اس حملے میں کم از کم 45فلسطینی جاں بحق ہوگئے جس میں خیموں میں مقیم بے گھر افراد بھی شامل تھے۔
عالیہ نے ایک تصویر کے ساتھ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری پوسٹ کی جس میں لکھا گیا کہ تمام بچے محبت کے مستحق ہیں۔ تمام بچے سلامتی کے مستحق ہیں۔ تمام بچے امن کے مستحق ہیں۔ تمام بچے زندگی کے مستحق ہیں اور تمام مائیں اپنے بچوں کو یہ سب چیزیں دینے کی مستحق ہیں۔“ انہوں نے پوسٹ کے ساتھ ”تمام نگاہیں رفح پر“ لکھا۔
کرینہ جنہیں اس ماہ کے اوائل میں یونیسیف انڈیا کی قومی سفیر مقرر کیاگیا نے یونیسیف کے پوسٹ سے ایک تصویر شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ رفح میں بمباری کے شکار خیموں سے جلے ہوئے بچوں اور خاندانوں کی تصاویر ہم سب کو صدمہ سے دوچار کرتی ہیں۔ عارضی خیموں میں پناہ لینے والے بچوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات مردہ ضمیری ہے۔“ سات ماہ سے ہم اس المیہ کے گواہ ہیں جس میں ہزاروں بچے ہلاک اور زخمی ہوگئے۔“
پوسٹ میں ”فوری جنگ بندی“ اور تمام یرغمالیوں کی رہائی“ کے علاوہ بچوں کی بے معنی ہلاکتوں کے خاتمہ کی اپیل کی گئی۔“ رچا نے ایک نیوز آؤٹ لیٹ کی خبر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسرائیل آبادکاری نسل کشی کا خاطی ہے۔ اسرائیل کا حامی ہر شخص بچوں کے قتل کا عملاً خاطی ہے۔“
پرینکا اور دیگرکئی مشہور شخصیات بشمول سونم کپور، سامنتا روتھ پربھو، کونکنا سین شرما، اٹلی، ویر داس، دیا مرزا، ترپتی دیمری، شلپا راؤ، بھومی پیڈنیکر اور رکول پریت سنگھ نے ”تمام نگاہیں رفح پر“ کی تصویر شیئر کی جو انسٹاگرام پر وائرل ہوگئی ہے۔
اسرائیلی حملے نے بڑے پیمانے پر غم و غصہ پیدا کردیا جن میں اس کے کچھ قریبی حلیف بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم بنجامن نتن یاہو نے کہا کہ یہ ایک ”المناک حادثہ“ کا نتیجہ تھا۔