حیدرآباد

‘نبیء رحمت کا پیام انسانیت کے نام’ پر کل جماعتی اجلاس

مانوی رائچور میں کل جماعتی اجلاس "نبیء رحمت کا پیام انسانیت کے نام" کے عنوان سے منعقد ہوا، جس میں مفکراسلام حضرت مولانا مفتی خلیل احمد صاحب امیر جامعہ نظامیہ، مولانا عبید اللہ خان اعظمی سابق ایم پی، مفتی سید شاہ صغیر احمد نقشبندی شیخ الحدیث، مولانا محمد سلمان بجنوری محدث دارالعلوم دیوبند اور دیگر کے خصوصی خطابات شامل تھے۔

حیدرآباد: شُہرہء آفاق ازہر ہند جامعہ نظامیہ کے امیر و شیخ الجامعہ مفکر اسلام حضرت مولانا مفتی خلیل احمد نے کہا کہ انبیاء کرام و مرسلین علیہم السلام اور تمام ملائکہ علیہم السلام کو اللہ سبحانہ تعالی نے نور سے پیدا فرمایا، اللہ کے حبیب پاک علیہ الصلوۃ و السلام کا نور اعلیٰ نور ہے۔

متعلقہ خبریں
علامہ حُسام الدین فاضل و علامہ حمیدالدین عاقل حسامی کی دینی و ملی خدمات کو خراج عقیدت
محکمہ خواتین، بچوں، معذوروں، بزرگوں اور خواجہ سراؤں کی بہبود کی جانب سے کھیلوں و ثقافتی پروگراموں کا انعقاد
فیملی ڈیجیٹل کارڈز کا پائلٹ سروے منظم انداز میں کیا جائے: وزیر پونگولیٹی سرینواس ریڈی
سی بی ایس ای کلسٹر VII بیڈمنٹن چیمپئن شپ برائے لڑکیاں 2024 کا شاندار اختتام
بدگوئی: نیکیاں کھا جانے والا فعل، ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا اظہار خیال

حضرت شیخ الاسلام عارف باللہ حافظ امام محمد انواراللہ فاروقیؒ نے اپنی شہرہء آفاق تصنیف لطیف میں رقم فرمایا ہے کہ حضرت سیدنا موسیٰ علیہ السلام کو کوہ طور پر سُویء کے ناکہ سے بھی کم تجلیء الہی ہوئی تو حضرت موسیٰ علیہ السلام بے ہوش ہوگئے، کوہ طور جل گیا اور آج بھی اس کا کوئی مشاہدہ کرتا ہے تو کوہ طور ویسا ہی پہاڑ ہے۔ اگر کوئی وہاں جاتا ہے تو دھنس جاتا ہے۔

اس امر کا انکشاف مولانا مفتی خلیل احمد نے کل رات عظیم الشان جلسہء عام و تہنیتی تقریب میں کیا، جو امیر جامعہ نظامیہ کی صدارت میں قادریہ امپیریل گارڈن مانوی، ضلع رائچور، کرناٹک میں بعد نماز عصر تا رات دیر گئے تک منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں پندرہ ہزار سے زائد مسلمانوں نے بلا مسلک و عقیدہ شرکت کی، اور اسٹیج پر تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ عظام موجود تھے۔ ملکی سطح کے مسلمانوں کے مختلف مسلک و مشرب کے نمائندہ شخصیات اس اجلاس عام میں شرکت اور خطاب کیا۔

اجلاس کی صدارت مولانا سید شاہ حیدر ولی اللہ، نبیرہ قادری سجادہ نشین آستانہ نلیلنگہ مہاراشٹر نے کی۔ مفکر اسلام مولانا مفتی خلیل احمد کی تہنیتی تقریب بھی بڑے شاندار پیمانہ پر کی گئی۔ انہوں نے سلسلہء خطاب جاری رکھتے ہوئے کہاکہ حضور اکرمؐ نے معراج شریف میں اللہ جل مجدہ کا دیدار کیا تو بتائیں کہ آپؐ کے دیدار کا عالم کیا ہوا ہوگا۔ آپؐ نے دس جلیل القدر صحابہء کرامؓ کو جمع کرکے فرمایا ابوبکرؓ تم جنتی، عمرؓ تم جنتی، عثمانؓ تم جنتی، علیؓ تم جنتی اور دیگر بھی شامل ہیں۔ بعض صحابہء کرامؓ کو بھی جنت کی بشارت دی جن میں حضرات حسنین کریمینؓ اور حضرت فاطمہؓ کو بھی جنت کی خوشخبری سنائی۔

شمالی ہند کے شعلہ بیان عالم دین و سیاسی رہنما حضرت علامہ حافظ محمد عبید اللہ خان اعظمی سابق رکن راجیہ سبھا یوپی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس عظیم الشان جلسہ میں ملکی سطح بالخصوص ریاست کرناٹک بھر کے علمائے کرام، مشائخ عظام نبیء رحمتؐ کا پیغام انسانیت کے نام پر جمع ہیں۔ یہ خواب دراصل ایک صدی قبل علامہ اقبالؒ نے دیکھا تھا۔ انہوں نے اتحاد ملت اور امت کے نقیب بن کر اور ملت کے حکیم کی حیثیت سے جو نسخے جات لکھے، آج ان کو استعمال کرنے کے بجائے ملت انہیں گلے میں لٹکا کر گھوم رہی ہے۔

انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ خدارا مسلمان متحد و متفق ہوجاؤ کیونکہ دشمن مآب لنچنگ کے ذریعہ ہمیں مٹانے کے درپے ہوگیا۔ شیعہ، سنی، بریلوی یا وہابی سمجھ کر نہیں بلکہ کلمہء گو سمجھ کر ہی ہمیں قتل کر رہے ہیں۔

اجلاس میں دیگر مہمانان خصوصی میں مولانا محمد سلمان بجنوری محدث دارالعلوم دیوبند، مولانا مقصود عمران رشادی خطیب جامع مسجد سٹی مارکیٹ بنگلور، نجم المحدثین مولانا حافظ سید صغیر احمد نقشبندی شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ، مولانا شیخ محمد عبد الحکیم وقار اشرفی گلبرگہ، مولانا عبدالغفار حمید عمری سیکریٹری جماعت اسلامی کرناٹک، ڈاکٹر عبدالماجد نظامی نائب صدر جمیعت علماء آندھرا پردیش شامل تھے۔

اجلاس کے دوران مولانا حافظ سید شاہ علی حسینی جانشین سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت بندہ نوازؒ گلبرگہ شریف کا پیام حضرت مولانا مفتی حافظ سید عبدالرشید قادری سابق صدر دارالعلوم دینیہ بندہ نوازیہ نے سنایا۔

یہ اجلاس جناب سید مصطفی میاں مرشد مسجد یوسفیہ مہدی نگر، جناب سید صادق پاشاہ بابل صدر جمعیت اہلحدیث ضلع رائچور، جناب پی سراج پاشاہ ساہوکاری، جناب عبدالرحمن امیر مقامی جماعت اسلامی ہند مانوی اور جناب صابر پاشاہ رکن رابطہ ملت کی حمایت میں منعقد ہوا۔

معزز مشائخ عظام میں مولانا سید شاہ غوث محی الدین قادری سجادہ نشین حضرت دادا حیات قلندر چکمگلور، مولانا سید نبوی محی الدین قادری البصری سجادہ نشین بارگاہ حاجی الحرمین، مولانا سید عنایت اللہ قادری برادر سجادہ نشین ناگور شریف، مولانا سید خواجہ نور اللہ حسینی صدر سجادہ نشین آستانہ فریدی، مولانا سید زین العابدین حسینی چشتی برادر سجادہ نشین کوتالم واگوڑ، مولانا سید اسماعیل حسینی سجادہ نشین بارگاہ جلالیہ گوگی شریف، اور مولانا سید طلحہ قادری نبیرہ حضرت سید شاہ طاہر قادری قطب ادونی شامل تھے۔

اجلاس کے دوران علمائے کرام میں حافظ محمد مرتضی خان نائب صدر جمیعت علماء کرناٹک، حافظ محمد شریف مظہری نائب صدر جمیعت علماء کرناٹک، مفتی نظیر صاحب تسکینی کپل، مولانا رفیق احمد انواری خطیب جامع مسجد قلعہ رائچور، مولانا محبوب عالم نظامی پرنسپل مدرسہ سراج العلوم رائچور، مولانا مفتی کلیم الدین قاسمی صدر جمیعت علما رائچور، اور مولانا نظام الدین رشادی رکن شوری تبلیغی جماعت و قاضی شہر رائچور بھی موجود تھے۔

مجلس استقبالیہ کل جماعتی اتحاد مانوی ضلع رائچور نے شرکاء عامتہ المسلمین کا شکریہ ادا کیا۔ علمی و روحانی مدرسہ کے لئے دو ایکر اراضی دینے کا اعلان بھی کیا گیا، ان شآء اللہ عزوجل ازہر ہند جامعہ نظامیہ کی شاخ رہے گی۔

a3w
a3w