بینک آف بڑوڈہ کے لاکر سے 50لاکھ روپیہ کا سونا غائب
چھتیس گڑھ کے بھیلائی میں اندرا پلیس سوک سنٹر میں واقع بینک آف بڑودہ کے لاکر سے ایک کھاتہ دار کا 50 لاکھ روپے کا سونا غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

نئی دہلی: چھتیس گڑھ کے بھیلائی میں اندرا پلیس سوک سنٹر میں واقع بینک آف بڑودہ کے لاکر سے ایک کھاتہ دار کا 50 لاکھ روپے کا سونا غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
بینک انتظامیہ اس کے لیے گاہک کو مورد الزام ٹھہراتی رہی جبکہ صارف کا کہنا ہے کہ اس نے یا اس کے خاندان کے کسی فرد نے سونا نہیں نکالا۔ اس معاملے میں بھیلائی نگر پولیس اسٹیشن کے انچارج پرشانت مشرا نے بتایا کہ پولیس نے بینک آف بڑودہ انتظامیہ کے خلاف دفعہ 316 (4) بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
دراصل، اس معاملے میں سیکٹر-5 کے رہائشی داروغہ سنگھ نے شکایت درج کرائی ہے۔ داروغہ سنگھ نے بتایا کہ انہیں 1991 میں بینک آف بڑودہ میں لاکر نمبر 697 الاٹ کیا گیا تھا۔ اس نے اپنے خاندان کا 40 تولہ سونا تین الگ الگ پوٹلی میں لاکر میں رکھا تھا۔
اس نے بتایا کہ لاکر روم میں سیپیج ہونے کی وجہ سے لاکر کھولنے میں دشواری ہوئی اور اس کی شکایت کرنے پر لاکر کی نگراں انیتا کوریٹی نے اسے ایک عارضی لاکر نمبر 547 دیا، اس دوران انہوں نے پرانی تجوری کی مرمت کے لیے چابی اپنے پاس رکھی۔داروغہ سنگھ نے بتایا کہ 17 جنوری 2025 کو انیتا کوریٹی نے انہیں فون پر بتایا کہ پرانے لاکر کا سامان ایک عارضی لاکر میں رکھا گیا ہے۔
پرانے لاکر کی مرمت کے بعد اسے واپس کر دیا جائے گا۔ اس کے بعد جب داروغہ سنگھ نے 22 اپریل 2025 کو لاکر کھولا تو اسے دو پوٹلیوں میں رکھا سامان غائب پایا۔ لاکر میں سے صرف ایک پوٹلی ملی جو اس کی بہو کی تھی۔ داروغہ سنگھ نے بتایا کہ وہ خود لاکر آپریٹ کرتے ہیں اور ان کی بیوی شیاما سنگھ ان کے ہمراہ ہوتی ہیں۔ ان کی بیٹی آرادھنا سنگھ نے کبھی لاکر نہیں کھولا۔
اس تناظر میں جب داروغہ سنگھ نے بینک انتظامیہ سے شکایت کی تو سینئر منیجر انیتا کوریٹی نے کہا کہ داروغہ سنگھ نے اپنی بیٹی کے ساتھ لاکر آپریٹ کیا تھا، وہیں پولیس کو دیے گئے بیان میں داروغہ سنگھ کی بیٹی نے کہا تھا کہ اس نے لاکر کبھی بھی آپریٹ نہیں کیا۔ یہ بات بھی سامنے آئی کہ لاکر کے خراب ہونے کی شکایت پر بینک کی طرف سے ایک عارضی لاکر دیا گیا تھا اور پرانے لاکر کی مرمت کے لیے گودریج کے ٹیکنیشن سکھویندر سنگھ عرف سنی کو بھی بلایا گیا۔
لاکر کی مرمت کے لیے سنی کو بینک نے تقریباً تین بار فون کیا تھا۔یہاں، ایک اور بینک آفیشل شرن پال چْگا سینئر منیجر بینک آف بڑودہ نے بتایا کہ 22 اپریل 2025 کو انہیں لاکر سے متعلق کام دیا گیا تھا کیونکہ لاکر انچارج انیتا کوریٹی سینئر منیجر چھٹی پر تھیں۔
اس معاملے میں درگ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وجے اگروال نے کہا کہ بھیلائی نگر پولیس نے بینک آف بڑودہ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔بینک انتظامیہ نے اس حوالے سے کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ جو بھی بات کرنا چاہتے ہیں ہمارے ہیڈ آفس سے بات کریں۔