آندھراکی ترقی اور مرکز کے تعاون کیلئے بی جے پی سے اتحاد کیا گیا: چندرابابو
تلگودیشم پارٹی ریاست کے مفاد کے لئے این ڈی اے میں شامل ہوئی، انہوں نے کہاکہ جگن حکومت کے غلط کاموں سے ریاست کو بچانے کیلئے تمام جماعتیں متحد ہوئی ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست پر دس لاکھ کروڑروپئے کا قرض ہے۔
حیدرآباد: آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی وتلگودیشم پارٹی کے سربراہ چندرا بابو نائیڈو نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے ریاست کی ترقی اور مرکزکے تعاون کے لئے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا ہے۔چندرابابو نے نیلور ضلع کے ادے گیری کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہم دکھائیں گے کہ فلاح اور ترقی کا مطلب کیا ہے۔
یہ نشاندہی کرتے ہوئے کہ تلگودیشم پارٹی ریاست کے مفاد کے لئے این ڈی اے میں شامل ہوئی، انہوں نے کہاکہ جگن حکومت کے غلط کاموں سے ریاست کو بچانے کیلئے تمام جماعتیں متحد ہوئی ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست پر دس لاکھ کروڑروپئے کا قرض ہے۔
اس کو ادا کرنے اورریاست کی ترقی کی ضرورت ہے۔تلگودیشم حکومت کی جانب سے عوام کی زندگیوں میں روشنی لانے کا کام کیاجائے گا۔عوام کے مستقبل کو سنہرے مستقبل میں تبدیل کرنے کے مقصد سے بی جے پی کے ساتھ ان کی پارٹی نے ہاتھ ملایا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مرکز میں برسراقتدارجماعت کے ساتھ اتحاد سے فنڈس ریاست کو آئیں گے اورترقی کو یقینی بنایاجاسکے گا۔عوامی ضروریات کی تکمیل اورریاست کے عوام کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لئے یہ اتحاد کیاگیا۔
واضح رہے کہ اس تلگوریاست میں جہاں اسمبلی کے ساتھ لوک سبھا کے انتخابات ہونے والے ہیں، ریاست کی اصل اپوزیشن جماعت تلگودیشم کا اتحاد بی جے پی اور جناسینا پارٹیوں سے ہواہے جبکہ ریاست کی حکمران جماعت وائی ایس آرکانگریس تنہا مقابلہ کررہی ہے۔