حیدرآباد: باورچی خانہ میں موجود مصالحہ صرف کھانوں کا ذائقہ بڑھانے کے لئے ہی نہیں بلکہ صحت کے اعتبار سے بھی انتہائی مفید سمجھے جاتے ہیں۔ انہی میں سے دو اہم مصالحے ہیں لونگ اور الائچی۔ ان دونوں کے اپنے الگ الگ فوائد ہیں لیکن ماہرین کے مطابق اگر انہیں ایک ساتھ استعمال کیا جائے تو یہ جسم کے لئے کسی قدرتی دوا سے کم نہیں۔
ہاضمہ بہتر بنائے
روزانہ ایک لونگ اور ایک الائچی کھانے سے نظامِ ہاضمہ مضبوط ہوتا ہے۔ لونگ گیس اور بدہضمی کو دور کرنے میں معاون ہے، جبکہ الائچی معدے کی جلن اور تیزابیت کو کم کرتی ہے۔ دونوں مل کر پیٹ کے امراض سے بچاؤ فراہم کرتے ہیں۔
توانائی اور تازگی
اکثر تھکن اور سستی محسوس ہونے پر الائچی اور لونگ چبانے سے فوراً تازگی اور توانائی کا احساس ہوتا ہے۔ لونگ کی تیز خوشبو اور الائچی کی میٹھی مہک مل کر ایک قدرتی اینرجی بوسٹر کا کام کرتی ہے۔
نزلہ اور کھانسی میں مفید
گلے کی خراش، زکام یا کھانسی کی صورت میں بھی یہ جوڑی بے حد کارآمد ہے۔ لونگ بلغم کو پتلا کرنے میں مدد دیتی ہے جبکہ الائچی گلے کی خراش کو دور کرتی ہے۔ دونوں کو ایک ساتھ چبانے سے کھانسی اور زکام میں نمایاں آرام ملتا ہے۔
منہ کی بدبو کا علاج
منہ سے آنے والی ناگوار بو اکثر شرمندگی کا سبب بنتی ہے۔ اس کے لئے لونگ اور الائچی بہترین گھریلو علاج ہیں۔ لونگ کے اینٹی بیکٹیریا اجزاء منہ کے جراثیم کو ختم کرتے ہیں جبکہ الائچی کی خوشبو سانسوں میں فوری تازگی پیدا کرتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ ایک لونگ اور ایک الائچی کھانے کی عادت اپنائی جائے تو یہ صحت کے لئے ایک قدرتی ٹانک ثابت ہوسکتی ہے۔