بی جے پی رکن اسمبلی نے جئے پور کی جامع مسجد میں گھس کر نعرے بازی کی
راجستھان کے دارالحکومت جئے پور کے جوہری بازار علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ جمعہ کو رات دیر گئے احتجاجیوں کی بڑی تعداد اکٹھا ہوگئی تھی۔

جئے پور (پی ٹی آئی) راجستھان کے دارالحکومت جئے پور کے جوہری بازار علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ جمعہ کو رات دیر گئے احتجاجیوں کی بڑی تعداد اکٹھا ہوگئی تھی۔
ان کا الزام ہے کہ بی جے پی رکن اسمبلی بالمکند آچاریہ نے ایک فرقہ کے خلاف نعرے بازی کی اور جامع مسجد کے اندر اُس فرقہ کے خلاف پوسٹر چسپاں کیا۔
رکن اسمبلی نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ اس نے وضاحت کی ہے کہ وہ پہلگام دہشت گرد حملہ میں ہلاک ہونے والے سیاحوں کو خراجِ عقیدت ادا کرنے کے سلسلہ میں شہر کے بڑی چوپاڑ علاقہ میں منعقدہ جلسہئ عام میں شرکت کے لیے گیا تھا۔ اس نے پاکستان کے خلاف نعرے لگائے تھے۔
ڈی سی پی (نارتھ) راشی ڈوگرا نے ہفتہ کے دن کہا کہ لوگوں کی بڑی تعداد نے بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف نعرے لگائے اور کارروائی کا مطالبہ کیا۔ صورتِ حال پر قابو پالیا گیا۔ احتجاج شروع ہوتے ہی کانگریس کے رکن اسمبلی حلقہ کشن پول امین کاغذی اور آدرش نگر کے رکن اسمبلی رفیق خان بھی پہنچ گئے۔ انھوں نے مظاہرین کی تائید کی۔ احتجاجیوں کے وفد نے پولیس کمشنر بیجو جارج سے ملاقات کی۔
بعد ازاں رات میں جامع مسجد کمیٹی کے رکن کی شکایت پر مانک چوک پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج ہوئی۔ شکایت میں کہا گیا کہ آچاریہ اور ان کے حامی نماز ِ عشاء کے دوران مسجد میں داخل ہوئے۔ انھوں نے ایک فرقہ کے خلاف نعرہ بازی کی اور مسجد کی سیڑھیوں پر مسلمانوں کے خلاف پوسٹر لگایا اور دھمکیاں دیں۔ جامع مسجد کمیٹی کے سکریٹری ظہیر اللہ خان نے کہا کہ ہم عشاء کی نماز ادا کررہے تھے کہ بالمکند آچاریہ مسجد میں گھس آیا۔
اس نے نعرے لگائے اور سیڑھیوں پر قابل اعتراض پوسٹرس چسپائے۔ بعد میں ہم نے پولیس کمشنر سے ملاقات کی اور ایف آئی آر درج کرائی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ پولیس کارروائی کا تیقن ملنے کے بعد جامع مسجد کے سامنے جمع بھیڑ منتقل ہوگئی۔ پہلگام حملہ کے بعد سے جئے پور کے بعض علاقوں میں مذہبی جذبات بھڑکے ہوئے ہیں۔ ہندو رکھشا دل نے دہرہ دون میں رہنے والے کشمیری طلباء کو دھمکی دی ہے۔
اس نے کہا ہے کہ وہ فوری اپنی ریاست واپس چلے جائیں۔ آگرہ میں ایک ہوٹل ورکر کو گولی مار کر ہلاک اور اس کے ساتھی کو زخمی کردیا گیا۔ ملزمین کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے پہلگام حملہ کا بدلہ لینے کے لیے ایسا کیا۔