دہلی

امریکہ کی ٹراویل اڈوائزری کی راجیہ سبھا میں گونج

رکن راجیہ سبھا ڈگ وجئے سنگھ نے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ٹراویل اڈوائزری کے حوالہ سے ہندوستان کے چند علاقوں میں سیاحوں کی حفاظت اور سلامتی کے بارے میں اندیشوں کااظہار کیا۔

نئی دہلی: رکن راجیہ سبھا ڈگ وجئے سنگھ نے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ٹراویل اڈوائزری کے حوالہ سے ہندوستان کے چند علاقوں میں سیاحوں کی حفاظت اور سلامتی کے بارے میں اندیشوں کااظہار کیا۔

مرکزی بجٹ اور مرکزی زیرانتظام علاقہ جموں و کشمیر پر مباحث کے دوران ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے تازہ ٹراویل اڈوائزری جاری کی ہے اور ہندوستان کے چند علاقوں میں بڑھتی دہشت گردی کی وجہ سے انہیں لیول4کے تحت رکھا ہے۔

ان میں جموں و کشمیر، ہند۔پاک سرحد، منی پور اور وسطی و مشرقی ہندوستان کے چند علاقے شامل ہیں۔ وزیرسیاحت و کلچر گجیندر سنگھ شیخاوت نے جواب دیتے ہوئے اِن اندیشوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ جموں و کشمیر میں سیاحت میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امریکہ کی ایسی کسی اڈوائزری کے بارے میں علم نہیں ہے۔ بہرحال میں اِس بات کی توثیق کرسکتا ہوں کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد سے جموں وکشمیر میں سیاحت میں کافی اضافہ ہوا ہے۔

سیاح، بلاخوف وخطر آرہے ہیں اور ہم اس علاقہ میں سیاحت کو مزید فروغ دینے کے پابند ہیں۔ صدرنشین راجیہ سبھا جگدیپ دھنکر نے ارکان سے خواہش کی کہ وہ اخباری اطلاعات پر انحصار کرنے سے گریز کریں اور اس کے بجائے اپنے دعوؤں کی تائید میں سرکاری دستاویزات فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی اخباری اطلاع کو بحث کی بنیاد بنانے کی اجازت نہیں دے سکتا۔ اِس ایوان میں باوثوق اور مصدقہ معلومات پر بحث ہونی چاہئے۔

a3w
a3w