مانخورد عمارت حادثے میں جاں بحق افراد کے ورثا کے لیے فی خاندان پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان
یہ حادثہ اتوار کی شام مانخورد کے جنتا نگر علاقے میں ہنومان مندر کے عقب میں واقع ایک چال کے نزدیک پیش آیا، جہاں مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث گراؤنڈ پلس تین منزلہ عمارت سے متصل دو سے تین مکانات اچانک منہدم ہو گئے۔ حادثے کے وقت متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، جس کے بعد فائر بریگیڈ، پولیس، بی ایم سی اور دیگر امدادی اداروں نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
ممبئی : مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے مانخورد میں عمارت سے متصل مکانات منہدم ہونے کے المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے ورثا کے لیے فی خاندان پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو ریاستی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
یہ حادثہ اتوار کی شام مانخورد کے جنتا نگر علاقے میں ہنومان مندر کے عقب میں واقع ایک چال کے نزدیک پیش آیا، جہاں مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث گراؤنڈ پلس تین منزلہ عمارت سے متصل دو سے تین مکانات اچانک منہدم ہو گئے۔ حادثے کے وقت متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، جس کے بعد فائر بریگیڈ، پولیس، بی ایم سی اور دیگر امدادی اداروں نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
حکام کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر چھ افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں پانچ بچے بھی شامل ہیں، جبکہ ایک زخمی کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ زخمیوں اور متاثرین کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، تاہم شدید زخمی ہونے والے ایک شخص نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ اس سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عالیہ (7)، مسکان (14)، نہال (6)، نبیہ (2)، مناف (7) اور سونی (32) کے طور پر ہوئی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں دیویندر فڑنویس نے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ اسی سلسلے میں ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے نے شتابدی اسپتال پہنچ کر متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور امدادی اقدامات کا جائزہ لیا، جبکہ سماجوادی پارٹی کے مہاراشٹر صدر ابو عاصم اعظمی نے بھی اسپتال جا کر اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس واقعے کے بعد رواں مانسون سیزن میں ممبئی میں بارش سے متعلق مختلف حادثات میں جان گنوانے والوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہو گئی ہے۔ اس سے قبل بھی درخت گرنے، عمارتیں منہدم ہونے اور دیگر بارش سے جڑے حادثات میں متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب پیر کو بھی ممبئی اور مضافاتی علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس سے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور ٹریفک و عوامی نقل و حمل متاثر رہی۔ محکمہ موسمیات نے شہر کے لیے اورنج الرٹ برقرار رکھتے ہوئے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید سے انتہائی شدید بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔ شہریوں کو خستہ حال عمارتوں، زیر آب علاقوں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔