سوشیل میڈیا

ایم ایل اے خریدی کا ایک اور نیا موڑ، آڈیو ریکارڈنگ وائرل

پی روہت ریڈی نے سوامی جی سے پوچھا کہ آیا آپ ”نمبر ٹو“ کا نام بتا سکتے ہیں؟ جبکہ روہت ریڈی نے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے ارکان اسمبلی کے نام بتانے سے گریز کیا۔”

حیدرآباد: ایم ایل ایزخریدی کیس(ارکان اسمبلی انحراف کیلئے رشوت کی پیشکش) میں جمعہ کے روز اس وقت نیا موڑ آیا جبکہ اہم ملزم اور ٹی آر ایس کے ایک رکن اسمبلی کے درمیان ٹیلی فون پر ہوئی بات چیت کا آڈیو ٹیاپ منظر عام پر آگیا۔

 حکمراں جماعت تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اس آڈیو کو افشا کیا جس میں رامچندرا بھارتی عرف ستیش شرما عرف سوامی جی اور ایم ایل اے پی روہت ریڈی کے درمیان مبینہ ٹیلی فونک بات چیت کو سناجاسکتا ہے۔

 روہت ریڈی نے ہی انہیں اور پارٹی کے دیگر3ایم ایل ایز کو خریدنے کی کوشش کے بارے میں سائبر آباد پولیس کو اطلاع دی تھی۔ بعدازاں پولیس نے بی جے پی ایجنٹ کے طور پر3 افراد کو گرفتار کیاتھا۔

 ارکان اسمبلی کو خرید نے کے معاملہ کی تکمیل کیلئے ٹیلی فونک بات چیت میں بی جے پی کے جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش ایک اور شخص ”نمبر ٹو فیگر“ کے نام سامنے آئے ہیں۔

 اس بات چیت میں دوسرے ملزم نندا کمار عرف نندو بھی شامل ہوگیا۔ یہ بات چیت 4ارکان اسمبلی سے حیدرآباد کے قریب ایک فارم ہاوز میں ملاقات سے قبل ہوئی تھی۔

 فون پر روہت ریڈی سے بات چیت کے دوران سوامی جی کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ جب ارکان کی بڑی تعداد انحراف کے لئے تیار ہوجائے، سنتوش نامی ایک شخص حیدرآباد آنے کیلئے تیار ہے تاکہ معاملہ کو حتمی شکل دی جاسکے۔

سوامی جی نے روہت ریڈی کو بتایا کہ فی الوقت سنتوش، نمبر ٹو کے ساتھ احمد آباد گیا ہوا ہے۔ پی روہت ریڈی نے سوامی جی سے پوچھا کہ آیا آپ ”نمبر ٹو“ کا نام بتا سکتے ہیں؟ جبکہ روہت ریڈی نے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے ارکان اسمبلی کے نام بتانے سے گریز کیا۔”

سوامی جی نے رکن اسمبلی کو اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ مرکز کی جانب سے آپ کو مکمل تحفظ فراہم کرایا جائے گا۔ آپ کا خیال رکھنا یہ ہماری ذمہ داری ہے۔ جب آپ ہماری نگرانی میں آجائیں گے تب آپ کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوگی ان میں ای ڈی اور نکم ٹیکس بھی شامل ہے۔ اس بارے میں ہمارے پاس بنگال کا وسیع ترتجربہ ہے۔

 حیدرآباد کے قریب معین آباد کے عزیز نگر میں واقع ایک فارم ہاوز پر دھاوا کرتے ہوئے پولیس نے چہارشنبہ کی شب دہلی کے رامچندر بھارتی، حیدرآباد کے نندا کمار اور تروپتی کے سمہا یاجی سوامی کو گرفتار کرلیا تھا۔

روہت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ انحراف کیلئے انہیں ایک سو کروڑ اور دیگر ارکان اسمبلی کو فی کس50 کروڑ روپے پیشکش کی گئی تھی۔ 3نومبر کو منگوڈ میں منعقد شدنی ضمنی الیکشن سے قبل یہ معاملہ سامنے آنے پر ریاست کی سیاست میں ہلچل مچ گئی۔ حکمراں جماعت ٹی آر ایس نے ریاستی حکومت کو گرانے کیلئے بی جے پی نے یہ سازشی کھیل کھلا تھا۔