تلنگانہ

رکن اسمبلی حلقہ کنٹو نمنٹ جی ساینا چل بسے

حکمراں جماعت بی آر ایس کے رکن اسمبلی جی ساینا اتوار کو چل بسے۔ وہ72سال کے تھے۔ ساینا، حلقہ سکندرآباد کنٹونمنٹ سے اسمبلی میں نمائندگی کرتے تھے۔

حیدرآباد: حکمراں جماعت بی آر ایس کے رکن اسمبلی جی ساینا اتوار کو چل بسے۔ وہ72سال کے تھے۔ ساینا، حلقہ سکندرآباد کنٹونمنٹ سے اسمبلی میں نمائندگی کرتے تھے۔

متعلقہ خبریں
نہرو زوالوجیکل پارک کے قدیم ترین کچھوے کی موت
معروف اداکارہ سلوچنا لٹکر کا دیہانت

انہوں نے کل شب ایک خانگی ہاسپٹل میں آخری سانس لی۔ وہ، قلب اور گردوں سے مربوط امراض کا شکار تھے۔ رکن مقننہ کو 16فروری کو ایک ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا تھا جہاں وہ آئی سی یو میں زیر علاج تھے۔ پسماندگان میں تین بیٹیاں شامل ہیں۔ وہ حلقہ اسمبلی کنٹونمنٹ سے 5بار ایم ایل اے منتخب ہوچکے تھے۔

غیر متنازعہ سیاسی قائد کے طور پر جانے جانے والے ساینا نے اپنا سیاسی کیرئیر تلگودیشم پارٹی سے کیا تھا۔ وہ پہلی بار1994میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے1999اور 2004 کے الیکشن میں اس حلقہ سے اپنا قبضہ برقرار رکھا تھا تاہم2009 کے انتخابات میں انہیں ناکامی ہوئی تھی۔

2014 کے الیکشن میں ساینا نے ٹی ڈی پی ٹکٹ پر اس حلقہ سے دوبارہ کامیابی حاصل کی بعدازاں وہ بی آر ایس میں شامل ہوگئے اور کار کے نشان سے 2018 کے الیکشن میں سائنا ایک بار پھر حلقہ کنٹونمنٹ سے منتخب ہوگئے۔ وہ 6میعاد تک ڈائرکٹر حیدرآباد اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (حڈا) رہے۔

2015 میں انہیں ٹی ٹی ڈی کی گورننگ کونسل کا، رکن بنایا گیا تھا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ساینا کے انتقال پر گہرے دکھ کااظہار کیا اور غمزدہ افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر نے ساینا کے انتقال پر ان کے افراد خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ ساینا نے آخری وقت تک حلقہ کنٹونمنٹ کی ترقی کیلئے کام کیا ہے۔