اے پی: بس اورٹپرلاری کا تصادم۔ 6افرادزندہ جھلس کر ہلاک،ووٹ ڈال کر حیدرآباد واپس ہورہے تھے
آندھراپردیش کے ضلع پلناڈو میں بس اورٹپرلاری کے تصادم کے واقعہ میں 6افرادزندہ جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
حیدرآباد: آندھراپردیش کے ضلع پلناڈو میں بس اورٹپرلاری کے تصادم کے واقعہ میں 6 افرادزندہ جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
یہ حادثہ ضلع کے پاومرو گاوں کے قریب کل شب تقریبا دو بجے اُس وقت پیش آیا جب پاچورواسمبلی حلقہ کے چناگنجام گاوں سے 40 مسافرین کو لے جانے والی بس اور ٹپرلاری متصادم ہوگئے۔
اس حادثہ کے ساتھ ہی دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور 6مسافرین زندہ جھلس کر ہلاک ہوگئے۔یہ تمام افراد آندھراپردیش میں ووٹ ڈالنے کے بعد حیدرآباد واپس ہورہے تھے۔
مہلوکین میں بس اورلاری کے ڈرائیورس بھی شامل ہیں۔مہلوکین کی شناخت 35سالہ انجی، 65سالہ یو کاشی،55سالہ یو لکشمی اور8 سالہ کے سائی شری کے طورپر کی گئی ہے جو ضلع باپٹلہ کے رہنے والے ہیں جبکہ دیگر دو کی شناخت ہنوز نہیں ہوسکی۔
حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ چار افرادبشمول بس، لاری ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔اس حادثہ میں دیگر13افراد جھلس گئے جن کو علاج کے لئے گنٹور کے سرکاری اسپتال منتقل کردیاگیا۔
اسی دوران پالناڈو ایس پی بندو مادھو نے کہا کہ بس ڈرائیور کی لاپرواہی کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا کیونکہ بس ڈرائیور نے بس کا توازن کھودیا اوریہ بس آئیل ٹینکر سے ٹکراگئی۔
یہ ٹکر اتنی خطرناک تھی کی ٹکر کے ساتھ ہی دونوں گاڑیاں شعلہ پوش ہوگئیں۔انہوں نے کہا کہ دیگر مسافرین محفوظ ہیں۔