تلنگانہ

بنڈی سنجے، پیر سے چوتھے مرحلہ کی یاترا کے آغاز کیلئے تیار

صدر بی جے پی تلنگانہ بنڈی سنجے، پیر سے حیدرآباد کے قریب قطب اللہ پور کے مقام سے چوتھے مرحلہ کی پرجا سنگرام یاترا شروع کرنے کیلئے تیار ہیں تاہم پولیس نے تاحال، بنڈی سنجے کو یاترا منظم کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔

حیدرآباد: صدر بی جے پی تلنگانہ بنڈی سنجے، پیر سے حیدرآباد کے قریب قطب اللہ پور کے مقام سے چوتھے مرحلہ کی پرجا سنگرام یاترا شروع کرنے کیلئے تیار ہیں تاہم پولیس نے تاحال، بنڈی سنجے کو یاترا منظم کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔

افتتاحی جلسہ، قطب اللہ پور (ضلع میڑچل ملکا جگری) کے رام لیلا میدان میں منعقد ہوگا جس میں بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری سنیل بنسل شرکت کریں گے۔ چوتھے مرحلہ کی پرجا سنگرام یاترا کے آغاز سے قبل صدر ریاستی بی جے پی، قطب اللہ پور میں چٹارام مندر میں پوجا کریں گے۔

10 دنوں تک جاری رہنے والی یہ یاترا 8اسمبلی حلقوں کا احاطہ کرے گی۔ پرجاسنگرام یاترا کے پرمکھ جی منوہر ریڈی نے کہا کہ دسہرہ کے پیش نظر یاترا کو10دنوں تک محدود کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کی اجازت کیلئے ہم نے شہر کے تینوں پولیس کمشنر یٹس (حیدرآباد، سائبرآباد اور راچہ کنڈا) میں درخواستیں دی ہیں مگر ابھی تک اجازت نامہ وصول نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق یاترا شروع کی جائے گی۔ کیونکہ انہیں امید ہے کہ اجازت مل جائے گی۔

ریڈی نے کہا کہ اگر حکومت یاترا میں رکاوٹیں کھڑی کرتی ہے تو وہ ہائی کورٹ سے رجوع ہو کر سابق کی طرح اجازت حاصل کریں گے۔ حکومت کی رکاوٹوں کے باوجود تیسرے مرحلہ کی یاترا کا میاب رہی۔ چوتھے مرحلہ کی یاترا قطب اللہ پور سے شروع ہوگی۔

اس دوران کوکٹ پلی، سکندرآباد کنٹونمنٹ، ملکاجگری، میڑچل، اُپل، ایل بی نگر اور ابراہیم پٹنم اسمبلی حلقہ کا احاطہ کیا جائے گا۔ یاترا کے دوران بنڈی سنجے، ریاستی حکومت کی ناکامیوں، وعدوں پر عمل آوری، ٹرافک مسائل، جھیلوں پر قبضہ، آلودگی اور دیگر مسائل کو اجاگر کریں گے۔

a3w
a3w