اے پی: کار میں دم گھٹنے سے چارکمسن بچوں کی موت
وہ شام تک اسی بند کار میں پھنسے رہے۔ابتدا میں والدین نے سمجھا کہ بچے شاید شادی کی تقریب میں ہیں، لیکن جب شام تک واپس نہ آئے تو انہوں نے تلاش شروع کی۔ شام میں ایک تعمیراتی مزدور خاتون نے کار کے شیشے سے جھانکا تو اندر بے حس و حرکت بچوں کو دیکھ کر گھبرا گئی اور فوری مقامی افرادکو اطلاع دی۔

حیدرآباد: آندھراپردیش میں پیش آئے ایک افسوناک واقعہ میں دم گھٹنے سے 4 کمسن بچوں کی موت ہوگئی۔بتایا گیا ہے کہ کھیلنے کے دوران پارک کی ہوئی ایک کار میں داخل ہونے والے چار بچے دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوگئے۔
یہ افسوسناک واقعہ وِجیا نگرم ضلع کے قریب واقع دواراپوڑی گاؤں میں پیش آیا، جس سے تین خاندانوں میں کہرام مچ گیا۔ دواراپوڑی سے تعلق رکھنے والے آنند اور اوما کی دو بیٹیاں 8 سالہ جاشرتا اور 7 سالہ چارومتی اسی گاؤں کے سریش اور ارونا کی اکلوتی بیٹی 6 سالہ منشونی اور ان کے پڑوسی بچنایڈو اور بھاوانی کا بیٹا 7 سالہ اُودے آپس میں قریبی دوست تھے۔
یہ بچے گاؤں کی گلی میں کھڑی ایک کار کے پاس کھیلنے چلے گئے۔ کار کا ایک دروازہ کھلا ہونے کی وجہ سے وہ اندر داخل ہو گئے، لیکن بعد میں دروازے لاک ہو گئے۔ کسی کو بھی یہ معلوم نہ ہو سکا کہ بچے کار میں موجود ہیں۔
اتفاق سے قریب ہی ایک شادی کی تقریب ہو رہی تھی، جہاں ڈی جے میوزک بج رہا تھا۔ بچوں کی چیخ و پکار یا شیشے پر دستک کسی نے نہیں سنی۔
وہ شام تک اسی بند کار میں پھنسے رہے۔ابتدا میں والدین نے سمجھا کہ بچے شاید شادی کی تقریب میں ہیں، لیکن جب شام تک واپس نہ آئے تو انہوں نے تلاش شروع کی۔ شام میں ایک تعمیراتی مزدور خاتون نے کار کے شیشے سے جھانکا تو اندر بے حس و حرکت بچوں کو دیکھ کر گھبرا گئی اور فوری مقامی افرادکو اطلاع دی۔
والدین اور اطراف کے لوگوں نے فوری طور پر کار کے شیشے توڑ کر بچوں کو باہر نکالا اور بچوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد بتایا کہ چاروں بچے دم گھٹنے سے ہلاک ہو چکے ہیں۔