اے پی: فلمی انداز میں تعاقب کرتے ہوئے ایک شخص کا قتل
ذرائع کے مطابق مقتول خود قتل کا ایک ملزم ہے۔اس کی ماں نے کہاکہ وہ گھر پر تھا کہ بعض افراد نے کسی بہانے سے اس کو بلایا اور پھر اس پر حملہ کیا۔ وہ بھاگنے لگا تو حملہ آوروں نے اس کا تعاقب کیا اور بالآخر پکڑ کر اس کا قتل کردیا۔
حیدرآباد: اے پی کے ضلع گنٹور میں فلمی اندازمیں تعاقب کرتے ہوئے ایک شخص کا بڑی ہی بے دردی کے ساتھ قتل کردیاگیا۔یہ واقعہ کل شب تقریبا 8بجے ضلع کے پٹنم بازارمیں پیش آیا۔
مقتول کی شناخت نلہ چیرو کے رہنے والے 38سالہ ڈی رمیش کے طورپر کی گئی ہے۔وہ فینانس کے کاروبار ساتھ ساتھ تقاریب میں سجاوٹ کا کام بھی کرتا تھا۔
ذرائع کے مطابق مقتول خود قتل کا ایک ملزم ہے۔اس کی ماں نے کہاکہ وہ گھر پر تھا کہ بعض افراد نے کسی بہانے سے اس کو بلایا اور پھر اس پر حملہ کیا۔ وہ بھاگنے لگا تو حملہ آوروں نے اس کا تعاقب کیا اور بالآخر پکڑ کر اس کا قتل کردیا۔
مقامی افراد کے مطابق حملہ آوروں نے اس کا فلمی انداز میں تعاقب کیا۔ رمیش اپنی جان بچانے کیلئے بھاگ رہا تھاتاہم حملہ آوروں نے اس کا پیچھا کیااورتیز دھارہتھیاروں سے اس پر حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا۔
اطلاع کے ساتھ ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیااور اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔
بتایاجاتا ہے کہ پولیس نے اس واردات کے سلسلہ میں ایک شخص کو حراست میں لے لیاہے۔پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لئے ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
اسی دوران مقتول رمیش کی بیوی نے الزام لگایا کہ روڈی شیٹر اس کے شوہر کے قتل میں ملوث ہے۔