PDS چاول کی غیر قانونی خرید و فروخت کا انکشاف، چاول ضبط
بتایا جا رہا ہے کہ مکان میں تقریباً 35 سے 38 تھیلے موجود تھے، جبکہ ہر تھیلے کا وزن تقریباً 30 سے 35 کلوگرام تھا۔
حیدرآباد: حیدرآباد کے بابا نگر سی بلاک میں غریب اور مستحق عوام کے لیے مختص PDS چاول کی مبینہ بلیک مارکیٹنگ کے خلاف بڑی کارروائی سامنے آئی ہے۔
پولیس ٹاسک فورس اور CCS ٹیم نے اطلاع ملنے پر بابا نگر سی بلاک میں ایک مکان پر اچانک چھاپہ مارا، جہاں مبینہ طور پر PDS چاول کو غیر قانونی گودام کے طور پر ذخیرہ کیا جا رہا تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مکان میں غریب عوام سے غیر قانونی طور پر راشن کا چاول خرید کر بڑی مقدار میں جمع کیا جا رہا تھا۔
کارروائی کے دوران تقریباً 16,914 کلوگرام PDS چاول برآمد کیے گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مکان میں تقریباً 35 سے 38 تھیلے موجود تھے، جبکہ ہر تھیلے کا وزن تقریباً 30 سے 35 کلوگرام تھا۔
کارروائی کے فوراً بعد ٹاسک فورس ٹیم نے یاقوت پورہ سول سپلائز افسر کو اطلاع دی، جبکہ کنچن باغ پولیس کو بھی موقع پر طلب کیا گیا۔
سول سپلائز حکام نے موقع پر پہنچ کر غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیے گئے PDS چاول کو ضبط کرکے اپنی تحویل میں لے لیا۔
PDS چاول غریب اور مستحق عوام کو سرکاری نظام کے تحت فراہم کیا جاتا ہے۔ اس چاول کو غیر قانونی طور پر خریدنا، ذخیرہ کرنا یا بلیک مارکیٹ میں فروخت کرنا قانونی جرم ہے۔
اس معاملے میں کنچن باغ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس اور سول سپلائز حکام یہ معلوم کرنے میں مصروف ہیں کہ اس مبینہ غیر قانونی کاروبار میں مزید کون کون افراد ملوث ہیں اور ضبط کیے گئے PDS چاول کو کہاں سپلائی کیا جانا تھا۔