آندھراپردیش

اے پی بلدی انتخابات، وائی ایس آر کانگریس کے ایم ایل سی گرفتار

آندھرا پردیش میں منڈل پریشد ٹیریٹوریل کانسٹی ٹیونسیز (ایم پی ٹی سی) اور ضلع پریشد ٹیریٹوریل کانسٹی ٹیونسیز (زیڈ پی ٹی سی) انتخابات کے دوران بیلٹ باکس کی مبینہ طور پر غیر مجاز منتقلی کے معاملہ پر سیاسی کشیدگی پیدا ہوگئی۔

امراوتی (آئی اے این ایس) آندھرا پردیش میں منڈل پریشد ٹیریٹوریل کانسٹی ٹیونسیز (ایم پی ٹی سی) اور ضلع پریشد ٹیریٹوریل کانسٹی ٹیونسیز (زیڈ پی ٹی سی) انتخابات کے دوران بیلٹ باکس کی مبینہ طور پر غیر مجاز منتقلی کے معاملہ پر سیاسی کشیدگی پیدا ہوگئی۔

اس سلسلہ میں احتجاج کرنے والے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائد اور ایم ایل سی لیلا اپی ریڈی سمیت کئی افراد کو جمعہ کی علی الصبح ضلع گنٹور میں گرفتار کرلیا گیا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ جمعرات کی شب ایک انتخابی عہدیدار پولنگ کے بعد بیلٹ باکس کو محفوظ مقام (اسٹرانگ روم) منتقل کرنے کے بجائے اسے تلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے قائدین کے پاس لے جانے کی کوشش کررہا تھا۔

پارٹی کا دعویٰ ہے کہ اس کے قائدین نے عہدیدار کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔وائی ایس آر کانگریس کے قائدین کے مطابق وینگلایاپالم میں جمعرات کو پولنگ کے اختتام کے بعد ایک انتخابی عہدیدار بیلٹ باکس کو اسٹرانگ روم منتقل کررہا تھا، تاہم راستے میں اسے مبینہ طور پر دوسرے مقام کی طرف موڑ دیا گیا۔

بتایا گیا کہ عہدیدار نے بیلٹ باکس کو نالاپاڈو سنٹر پر اتارا اور اسے الگ لے جانے لگا۔ اسی دوران وائی ایس آر کانگریس کے ایک امیدوار نے مبینہ طور پر عہدیدار کو پکڑ لیا۔اس واقعہ کے خلاف وائی ایس آر کانگریس کے قائدین نے نالاپاڈو میں تقریباً دو گھنٹے تک دھرنا دیا۔ ایم ایل سی لیلا اپی ریڈی بھی وہاں پہنچ کر احتجاج میں شامل ہوگئے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہلکا طاقت کا استعمال کیا اور اپی ریڈی سمیت دیگر افراد کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا الزام ہے کہ مظاہرین نے انتخابی عملے کے کام میں رکاوٹ پیدا کی اور بیلٹ باکس کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ گرفتار افراد کو نالاپاڈو پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا، جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ دوسری جانب متعلقہ پولنگ عہدیدار نے وضاحت کی کہ بیلٹ باکس کو دوسری گاڑی میں منتقل کیا جارہا تھا، تاہم وائی ایس آر کانگریس کے قائدین نے اسے زبردستی اپنے قبضہ میں لے لیا۔

ادھر ضلع اننت پور میں بھی بیلٹ باکس کو نقصان پہنچانے کے واقعہ کے سلسلہ میں پولیس نے 60 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ واقعہ کُڈیرو کے ایک پولنگ مرکز پر پیش آیا، جہاں ملزمین مبینہ طور پر پولنگ مرکز میں داخل ہوئے، بیلٹ باکس لے گئے اور اسے نقصان پہنچایا۔ پولنگ عہدیداروں کی شکایت پر پولیس نے 60 افراد کے خلاف ناقابل ضمانت دفعات کے تحت مقدمات درج کیے ہیں۔ ایک پولیس عہدیدار کے مطابق ملزمین کی شناخت کرلی گئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔