تلنگانہ

اندراماں امکنہ استفادہ کنندگان کیساتھ دیوالی منائیں: مہیش کمار

تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کے صدر مہیش کمار گوڑ نے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ماہ کی 8 تاریخ کو دیوالی کے موقع پر اندراماں مکانات کے استفادہ کنندگان کے ساتھ مل کر تہوار منائیں۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کے صدر مہیش کمار گوڑ نے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ماہ کی 8 تاریخ کو دیوالی کے موقع پر اندراماں مکانات کے استفادہ کنندگان کے ساتھ مل کر تہوار منائیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست میں حکومت کی جانب سے اندراماں کے نام سے غریبوں کو نئے مکانات فراہم کیے گئے ہیں، جو اس سے پہلے کبھی اس انداز میں نہیں کیے گئے تھے اور یہ مستحق خاندانوں کے لیے بے حد خوشی کا موقع ہے۔

کانگریس حکومت نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں غریبوں کے مکان کے خواب کو پورا کیا ہے، لہٰذا اس خوشی کو ان خاندانوں کے ساتھ بانٹتے ہوئے ان کے مکانات میں دیوالی منائی جانی چاہیے۔

مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ دیہی علاقوں میں دو مرحلوں میں مکانات فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ حیدرآباد میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر تقریباً مکمل ہوچکی ہے اور بعض مکانات میں نئے مکانات میں داخلے کی تقریبات بھی انجام دی جاچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی اور بے مثال اقدام ہے، اس لیے کانگریس کے تمام قائدین اور کارکنوں کو چاہیے کہ وہ اندراماں مکانات میں استفادہ کنندگان کے ساتھ مل کر دیوالی کا تہوار جوش و خروش اور شاندار انداز میں منائیں۔