تلنگانہ

تلنگانہ اقلیتی مالیتی کارپوریشن کی اسکیمات کے لیے درخواستیں طلب، آخری تاریخ کا اعلان

ضلع اقلیتی بہبود آفیسر محترمہ آر۔ اندرا نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ حکومتِ تلنگانہ نے تلنگانہ مینارٹیز فینانس کارپوریشن کے زیرِ اہتمام اکنامک سپورٹ اسکیم کے تحت اقلیتی بے روزگار نوجوانوں (مسلم، سکھ، بدھ، جین، پارسی) کو معاشی طور پر مستحکم اور خود کفیل بنانے کے لیے ایک پائلٹ پراجکٹ شروع کیا ہے۔

محبوب نگر: ضلع اقلیتی بہبود آفیسر محترمہ آر۔ اندرا نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ حکومتِ تلنگانہ نے تلنگانہ مینارٹیز فینانس کارپوریشن کے زیرِ اہتمام اکنامک سپورٹ اسکیم کے تحت اقلیتی بے روزگار نوجوانوں (مسلم، سکھ، بدھ، جین، پارسی) کو معاشی طور پر مستحکم اور خود کفیل بنانے کے لیے ایک پائلٹ پراجکٹ شروع کیا ہے۔

متعلقہ خبریں
گورنمنٹ جونیئر کالج چنچگوڑہ میں داخلوں سے متعلق طلبہ و طالبات کی رہنمائی
نوافل اور ذکر الہٰی نفسیاتی امراض کا بہترین علاج، ”انسانی نفسیات کی گرہیں“ کی رسم اجرا سے ڈاکٹرس کا خطاب
عدلِ فاروقی کی جھلک: عمر بن عبدالعزیزؒ کا مثالی عہد مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کاخطاب
گنگا جمنی ثقافت کا عملی مظاہرہ، میدک میں قومی یکجہتی کی مثال قائم
ریاستوں اور زمینوں کی تقسیم  سے دل  تقسیم نہین ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت منتخب اقلیتی بے روزگار نوجوانوں (مردوں) کو ای-اسکوٹر فراہم کیا جائے گا جس کی کل مالیت 1,50,000 روپے ہے۔ اس میں سے 80 فیصد یعنی 1,20,000 روپے بطور سبسیڈی تلنگانہ مینارٹیز فینانس کارپوریشن ادا کرے گی، جبکہ منتخب امیدوار کو صرف 20 فیصد یعنی 30,000 روپے ادا کرنے ہوں گے۔

اسکیم کی شرائط بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ درخواست گزار کا اقلیتی طبقہ سے تعلق ہونا ضروری ہے، اس کی عمر 21 تا 40 سال کے درمیان ہو، کم از کم دسویں جماعت پاس ہو، اور اس کے پاس آر ٹی اے کا جاری کردہ مستقل ڈرائیونگ لائسنس موجود ہو۔ امیدوار کے پاس آدھار کارڈ اور راشن کارڈ بطور پتہ ہونا لازمی ہے۔ خاندان سے صرف ایک فرد ہی اس اسکیم کے لیے اہل ہوگا۔ درخواست گزار کو خود اعلان دینا ہوگا کہ وہ باقاعدگی سے اوبر، ریپیڈو، اولا یا دیگر سروس فراہم کنندگان کے ساتھ کام کرے گا۔ دیہی علاقوں کے لیے سالانہ آمدنی ڈیڑھ لاکھ روپے اور شہری علاقوں کے لیے دو لاکھ روپے سے زائد نہ ہو۔ مزید برآں، ای-اسکوٹر کارپوریشن کی ضمانت میں رہے گی اور امیدوار نے گزشتہ پانچ برسوں میں کارپوریشن کی کسی بھی اسکیم سے فائدہ حاصل نہ کیا ہو۔

محترمہ آر۔ اندرا نے مسلم سنگ تراش (ترکا کاشہ) طبقہ کے لیے جاری خصوصی اسکیم کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت اہل اور منتخب امیدواروں کو مفت ٹول کٹ (کٹنگ مشین) اور جنریٹر فراہم کیا جائے گا جس کی لاگت تقریباً 60 ہزار روپے ہے۔ اس اسکیم میں صد فیصد سبسیڈی دی جائے گی۔

اس اسکیم کے لیے شرائط میں درخواست گزار کا مسلم ترکا کاشہ ہونا، عمر 21 تا 55 سال کے درمیان ہونا، آدھار کارڈ، راشن کارڈ، کمیونٹی ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ کمیونٹی سرٹیفکیٹ اور خود اعلان شامل ہیں کہ گزشتہ پانچ برسوں میں کسی اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں اسکیمات کے لیے آن لائن درخواستیں کارپوریشن کے پورٹل http://tsobmms.cgg.gov.in پر یکم مارچ 2026 تک داخل کی جا سکتی ہیں۔ آن لائن درخواست کے بعد متعلقہ اہم دستاویزات جیسے آدھار کارڈ، راشن کارڈ، کمیونٹی سرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس، دسویں جماعت کا سرٹیفکیٹ، پان کارڈ اور پاسپورٹ سائز فوٹو متعلقہ ایم پی ڈی او یا منسپل کمشنر دفتر میں جمع کروانا ضروری ہوگا۔

ضلع اقلیتی بہبود آفیسر نے اقلیتی بے روزگار نوجوانوں، انجمنوں، اداروں اور تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو اس اسکیم سے استفادہ حاصل کرنے کی ترغیب دیں۔

مزید معلومات کے لیے ضلع اقلیتی بہبود آفیسر، کمرہ نمبر 205، آئی ڈی او سی، کلکٹریٹ کمپلیکس، محبوب نگر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔