بنگال میں بی جے پی۔ ٹی ایم سی ورکرس میں جھڑپ
بیربھوم اور بردھمان۔ درگاپور حلقوں میں ٹی ایم سی اور بی جے پی ورکرس میں جھڑپیں ہوئیں۔ بی جے پی کے امیدوار بردھمان۔ درگاپور دلیپ گھوش کے قافلہ پر 2 مقامات پر سنگباری ہوئی۔

نئی دہلی: لوک سبھا الیکشن کے چوتھے مرحلہ میں پیر کی شام 5 بجے تک 96 حلقوں میں رائے دہی کا تناسب 62فیصد سے زائد رہا۔ یہ حلقے 10 ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے بموجب شام 5 بجے تک رائے دہی کا تناسب 62.31 فیصد رہا۔ جموں وکشمیر میں سب سے کم ووٹنگ ہوئی۔ شام 5 بجے تک 35.75 فیصد رائے دہندوں نے ووٹ ڈالے جبکہ مغربی بنگال میں سب سے زیادہ 75.66 فیصد پولنگ ہوئی۔
آندھراپردیش میں 68.04 فیصد‘ بہار میں 54.14 فیصد‘ جھارکھنڈ میں 63.14 فیصد‘ مدھیہ پردیش میں 68.01 فیصد‘ مہاراشٹرا میں 52.49 فیصد‘ اوڈیشہ میں 62.96 فیصد‘ تلنگانہ میں 61.16 فیصد اور اترپردیش میں 56.3 فیصد رائے دہی ہوئی۔
اترپردیش میں شاہجہاں پور کے بعض مواضعات میں لوگوں نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا۔ انہوں نے سڑکیں اور ترقی نہ ہونے کے خلاف بطور احتجاج یہ اقدام کیا۔ مغربی بنگال کے 8 پارلیمانی حلقوں میں تشدد کے اکادکا واقعات پیش آئے۔
بیربھوم اور بردھمان۔ درگاپور حلقوں میں ٹی ایم سی اور بی جے پی ورکرس میں جھڑپیں ہوئیں۔ بی جے پی کے امیدوار بردھمان۔ درگاپور دلیپ گھوش کے قافلہ پر 2 مقامات پر سنگباری ہوئی۔
ٹی ایم سی کارکنوں نے ان کے ساتھ دھکم پیل بھی کی۔ کرشنا نگر حلقہ کے چھاپرا علاقہ میں کشیدگی دیکھی گئی جہاں ٹی ایم سی کارکنوں نے بی جے پی ورکرس کو مبینہ طورپر زدوکوب کیا۔
ٹی ایم سی‘ بی جے پی اور کانگریس۔ سی پی آئی ایم اتحاد نے انتخابی تشدد‘ رائے دہندوں کو دھمکانے اور پولنگ ایجنٹس پر حملوں کی علیحدہ علیحدہ شکایتیں درج کرائیں۔
اوڈیشہ میں کئی مقامات پر الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں خرابی کی اطلاع ہے۔ الیکشن کمیشن نے اوڈیشہ میں ڈیوٹی میں لاپرواہی برتنے پر 2 پولنگ عہدیداروں کو معطل کردیا۔ جھارکھنڈ میں سیکوریٹی فورسس نے ماؤسٹوں کی ووٹرس کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کی کوشش ناکام کردی۔ ماوسٹوں نے ایک درخت کاٹ کر سڑک پر رکاوٹ پیدا کردی تھی۔
جموں وکشمیر میں ووٹنگ پرامن رہی۔ حلقہ سری نگر میں عبداللہ خاندان کی 3 نسلوں نے ووٹ ڈالا۔
آج تلنگانہ کی تمام 17‘ آندھراپردیش کی تمام 25‘ اترپردیش کی 13‘ بہار کی 5‘ جھارکھنڈ کی 4‘ مدھیہ پردیش کی 8‘ مہاراشٹرا کی 11‘ اوڈیشہ کی 4‘ مغربی بنگال کی 8 پارلیمانی نشستوں کے علاوہ جموں وکشمیر کی ایک نشست کے لئے پولنگ ہوئی۔
آج چوتھے مرحلہ کے ساتھ لوک سبھا کے 543 حلقوں کے منجملہ 379 حلقوں میں پولنگ مکمل ہوگئی۔ رائے دہی کا پانچواں مرحلہ 20 مئی کو ہوگا۔ 25مئی کو چھٹویں اور یکم جون کو ساتویں مرحلہ کے ساتھ الیکشن مکمل ہوجائے گا۔ 4 جون کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ ابتدائی 3 مرحلوں میں رائے دہی کا تناسب بالترتیب 66.14 فیصد‘ 66.71 فیصداور 65.68 فیصد رہا۔