حیدرآباد میں سمندر کے بغیر ساحل، آرٹیفیشل بیچ پروجیکٹ کا اعلان
یہ آرٹیفیشل بیچ حیدرآباد کے مضافات میں آؤٹر رنگ روڈ کے قریب کوتوال گوڑہ میں قائم کیا جا رہا ہے۔ سرکاری اور سیاحتی حکام کے مطابق اس منصوبہ کا مجموعی رقبہ تقریباً 35 ایکڑ ہوگا۔ یہ پروجیکٹ تلنگانہ حکومت کے محکمہ سیاحت کی نگرانی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت نافذ کیا جا رہا ہے۔
حیدرآباد: فلموں میں حیدرآباد میں بیچ بنانے کا ذکر محض ایک مزاحیہ ڈائیلاگ سمجھا جاتا تھا لیکن اب یہ خواب حقیقت بننے جا رہا ہے۔ سمندر سے دور حیدرآباد میں ایک جدید آرٹیفیشل بیچ تعمیر کیا جا رہا ہے جو سیاحت اور تفریح کا ایک بڑا مرکز ہوگا۔
یہ آرٹیفیشل بیچ حیدرآباد کے مضافات میں آؤٹر رنگ روڈ کے قریب کوتوال گوڑہ میں قائم کیا جا رہا ہے۔ سرکاری اور سیاحتی حکام کے مطابق اس منصوبہ کا مجموعی رقبہ تقریباً 35 ایکڑ ہوگا۔ یہ پروجیکٹ تلنگانہ حکومت کے محکمہ سیاحت کی نگرانی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت نافذ کیا جا رہا ہے۔
اس سلسلہ میں اسپین کی معروف فلوئی ڈرا کمپنی، فارچیون اسپتال اور تلنگانہ حکومت کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے۔ اس منصوبہ پر 350 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے اور حکومت کا نشانہ ہے کہ جاریہ دسمبر میں تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا جائے۔
منتظمین کے مطابق اس منصوبہ کو فلیگ شپ ٹورازم پروجیکٹ کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے جس کا مقصد حیدرآباد کو عالمی سیاحتی مقام کے طور پر برانڈ کرنا ہے۔ یہ آرٹیفیشل بیچ عام پارک کے بجائے ایک ملٹی فیچر ریزورٹ اور انٹرٹینمنٹ زون کی طرز پر ہوگا۔
منصوبہ کے تحت 10 ایکڑ رقبہ میں بیرون ملک سے منگوائی گئی خصوصی ریت کے ذریعہ بیچ تعمیر کیا جائے گا جبکہ باقی 20 ایکڑ میں پرتعیش نجی ولاس تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔ ایک وسیع مصنوعی جھیل، ریتلے ساحل اور ویو پولس کے ذریعہ حقیقی بیچ جیسا احساس دلانے کے لئے جدید ٹکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ پانی کی صفائی کے لئے خصوصی پیوریفیکیشن ٹکنالوجی بھی شامل ہوگی۔
اس آرٹیفیشل بیچ پروجیکٹ میں فلوٹنگ ولاس، لگژری ہوٹلس اور قیام کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ اس کے ساتھ بنجی جمپنگ، سیلنگ، اسکیٹنگ اور بیچ والی بال جیسی سرگرمیوں کے لئے الگ الگ زونس قائم کئے جائیں گے۔
خاندانوں کے لئے خصوصی فیملی زونز بھی ہوں گے جن میں پارکس، بچوں کے کھیل کے میدان، سائیکلنگ ٹریکس اور واکنگ اسپیس شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ فوڈ کورٹس، تھیٹرس، خوبصورت فوارے اور رات کے وقت تقاریب کے لئے مخصوص مقامات بھی بنائے جائیں گے۔
اگرچہ کہ ملک کے دیگر شہروں میں چھوٹے پیمانہ پر واٹر پارکس اور ویو پولس موجود ہیں لیکن اس نوعیت کا مربوط آرٹیفیشل بیچ اور ٹورازم ٹاؤن شپ منصوبہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا ہوگا۔
اس منصوبہ کی ایک اور خاص بات انٹرنیشنل ویلنیس اسپا ریزورٹ ہے جہاں فائیواسٹار معیار کے تحت آیورویدک تھراپیز، یوگا اور گیان دھیان کلاسس ہوں گی تاکہ بین الاقوامی سیاح بڑی تعداد میں حیدرآباد کا رخ کریں۔ یہ ویلنیس ریزورٹ جلد ہی سیاحوں کے لئے دستیاب ہونے کی توقع ہے۔