کے سی آر نے جتنی دولت لوٹی‘کانگریس اتناپیسہ عوام کی جیبوں میں ڈالے گی: راہول گاندھی
راہول گاندھی نے کہاکہ اپوزیشن کے تمام چیف منسٹر وں کے خلاف سی بی آئی‘ای ڈی اور آئی ٹی کی تحقیقات ہوئی ہیں لیکن کے سی آر کے خلاف ایک بھی تحقیقات نہیں ہوئی۔
حیدرآباد: سابق صدراے آئی سی سی راہول گاندھی نے کہاہے کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کا مقابلہ بی آر ایس کے ساتھ ہے۔تاہم بی آر ایس‘بی جے پی اور ایم آئی ایم کی مددسے کانگریس کوناکام بنانے کی کوشش کررہی ہے لیکن تلنگانہ کے عوام نے کانگریس کوکامیاب بنانے اپنا من بنالیاہے۔
دولت‘ حکومت اور میڈیا چیف منسٹر کے سی آر کے ساتھ ہے اور کانگریس کے ساتھ عوام اورسچائی ہے۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام کے دیرینہ مطالبہ اور عوام کی جدوجہد اورقربانیوں سے متاثر ہوکر آپ کوتلنگانہ دے کر تاریخی کارنامہ انجام دیا۔
لیکن تلنگانہ کے قیام کے 10سال بعد بھی عوام کے خواب پورے نہیں ہوسکے صرف ایک ہی خاندان کوفائدہ پہنچا۔انتخابات کے بعد جیسے ہی کانگریس برسراقتدار آئے گی حقیقی اورسچاتلنگانہ کا دورشروع ہوگا۔ ہم نے جو وعدے کئے ہیں انہیں پورا کیا جائے گا۔
جس طرح کرناٹک‘چھتیس گوڑھ‘ہماچل پردیش اور راجستھان کی کانگریس حکومتوں نے پہلے ہی کابینی اجلاس میں تمام گارنٹی اسکیمات کو منظوری دی۔ تلنگانہ میں کے سی آر اور ان کے خاندان نے آبپاشی پراجکٹس کے نام پر عوام کا جتناپیسہ لوٹاہے اتناپیسہ کانگریس تلنگانہ عوام کے جیبوں میں ڈالے گی۔
راہول گاندھی آج کولہاپور اسمبلی حلقہ ضلع محبوب نگر میں پرجاوجئے بھیری جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ عوام کے ساتھ ہمارا رشتہ کوئی سیاسی رشتہ نہیں ہے بلکہ خاندانی رشتہ ہے۔میری دادی اندرا گاندھی جی جن کی کل برسی تھی جب ان کی حکومت کوشکست ہوئی تھی اس وقت تلنگانہ عوام نے کانگریس پارٹی کوجتاکر اندراگاندھی کودوبارہ سیاسی زندگی عطاء کی تھی۔
راہول گاندھی نے کانگریس پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ شیراور ببر کی طرح ہیں انہیں کسی سے ڈرنے اورخوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔انہیں حکمراں پارٹی کی جانب سے ہراساں کئے جانے کی شکایت ملی ہے لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں آپ کا وقت اب آنے والا ہے۔
عوام متحدہ طورپرکانگریس حکومت تشکیل دینے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں ایک طرف پرجا تلنگانہ ہے دوسری طرف سیٹھوں کا تلنگانہ (دورا) ہے۔ایک طرف آپ کے چیف منسٹر اوران کے ارکان خاندان ہے دوسری جانب تلنگانہ کے عوام‘ ماں‘بہن‘ بیروزگارنوجوان ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بی آر ایس حکومت کا سب سے بڑا دھوکہ کالیشورم پراجکٹ ہے۔ بی جے پی اور بی آر ایس نے ملکر1لاکھ کروڑروپیہ لوٹاہے۔یہ پیسہ آپ کا ہے اور چیف منسٹرکے سی آر نے غریب عوام اور مزدوروں سے لوٹا ہے۔
آج کالیشورم پراجکٹ کے پلرس میں شگاف پڑگیا۔تلنگانہ حکومت پر قرض کا بوجھ مٹانے کے لئے 2040تک ہرخاندان کوسالانہ 31,500 روپیہ ادا کرنا ہوگا۔ کانگریس پارٹی نے بھی کئی پراجکٹس ناگرجنا ساگر‘سری رام ساگر‘ جورالااورکئی پراجکٹ تعمیر کئے ہیں۔
راہول گاندھی نے کہاکہ کانگریس دورحکومت میں غریب‘دلت آدی واسیوں اوربچھڑے طبقات کواراضیات الاٹ کی تھی۔ ان زمینات کوکے سی آر حکومت نے زبردستی ان سے چھین لیا۔ کمپیوٹرائیزدریکارڈ اور دھرانی پورٹل کے نام پر غریبوں کی زمینات کوہڑپ لیاگیا جس سے 20 لاکھ کسانوں کونقصان پہنچا۔
اس کا فائدہ صرف کے سی آر خاندان اور ان کی حکومت کے وزراء کوپہنچا۔ محکمہ ریونیو‘اکسائیز اورمعدنیات ان کے ہاتھ میں ہے۔آپ نے تلنگانہ میں عوام کی سرکارکاخواب دیکھا تھا اور آپ نے جدوجہد میں حصہ لیتے ہوئے اپنا خون دیا تھا لیکن آپ کا خواب پورا نہیں ہوا۔
آپ کا خواب کانگریس حکومت پورا کرے گی۔خواتین کوماہانہ 2500 روپیہ وظیفہ‘بس میں سفر کی مفت سہولت‘500 روپیہ میں سلینڈر‘کسان کو فی ایکڑ 15000 اور زرعی مزدور کو12,000 روپیہ مالی امداد‘ انداراماں اسکیم کے تحت گھر کی تعمیر کے لئے 5 لاکھ روپیہ ہر گھرکو 200یونٹ مفت برقی‘ یوواوکاس کے تحت ہر طالب علم کو5 لاکھ روپے کی مالی امداد‘ضعیف اور بیواؤں کوماہانہ 4 ہزار روپے وظیفہ‘راجیوآروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپیہ کے علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
راہول گاندھی نے کہاکہ اپوزیشن کے تمام چیف منسٹر وں کے خلاف سی بی آئی‘ای ڈی اور آئی ٹی کی تحقیقات ہوئی ہیں لیکن کے سی آر کے خلاف ایک بھی تحقیقات نہیں ہوئی۔انہوں نے کہاکہ ہم یہاں پہلے بی آر ایس کو ہرائیں گے آئندہ سال مرکز میں بی جے پی کو شکست دیں گے۔
راہول گاندھی نے کہاکہ اگر آپ بی جے پی اور ایم آئی ایم کو ووٹ دیتے ہیں تویہ بی آر ایس کوووٹ دینے کے مترادف ہوگا۔ قبل ازیں ریونت ریڈی اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ جلسہ میں ہر طرف سروں کا سمندر دکھائی دے رہاتھا۔