”کیا میں سب کا دلہا بھائی ہوں؟“،بی جے پی کے کارٹون پر اسد اویسی کا طنزیہ ردعمل
اسد الدین اویسی نے کہا کہ اس عمر میں میری تصویر کو رقعہ میں استعمال کی گئی۔ آپ کو ایسے شخص کی تصویر ڈالنی چاہئے تھی جس کی شادی نہیں ہوئی ہے۔

حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بی جے پی کے نکاح نامہ پوسٹر پر جس میں انہیں آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور بی آر ایس کی شادی میں قاضی کے طور پر پیش کیا گیا تھا، طنزیہ ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پوچھا کہ آیا، وزیر اعظم مودی کی تصویر بی جے پی کیلئے کام نہیں آرہی ہے؟
اویسی نے پوچھا کہ ”کیا سب کا دلہا بھائی ہوں؟ کیا میں سب کا بھائی جان ہوں؟۔ بی جے پی نے ایک کارٹون بنایا تھا جس میں کانگریس اور بی آر ایس کی شادی میں مجھے قاضی کے طور پر پیش کیا گیا۔ مجھے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم مودی کی تصویر، بی جے پی کیلئے کام نہیں کررہی ہے اور اس لئے انہوں نے میری فوٹو استعمال کی ہے۔
“اویسی نے یہ بات کہی۔ اسد الدین اویسی نے کہا کہ اس عمر میں میری تصویر کو رقعہ میں استعمال کی گئی۔ آپ کو ایسے شخص کی تصویر ڈالنی چاہئے تھی جس کی شادی نہیں ہوئی ہے۔
بی جے پی کے پوسٹر پر اویسی ردعمل کااظہار کررہے تھے جس میں کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان شادی میں انہیں قاضی کے طور پر دکھایا گیا۔ بی جے پی نے حال ہی میں ایک کارٹون بنایا تھا جس میں اویسی، کانگریس اور بی آر ایس کی شادی (نکاح) میں سب کو مدعو کررہے ہیں۔ اس کارٹون کے کیپشن کے طور پر تحریر تھا کہ ”ہاں!یہ اب نجی معاملہ نہیں رہا“۔