دبئی کی شہزادی شیخہ ماہرہ نے نیا پرفیوم ’’ طلاق‘‘ لانچ کردیا
شیخہ ماہرہ نے جولائی 2023 میں سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنے شوہر سے طلاق کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اپنے شوہر کو انسٹاگرام پر ان فالو کرتے ہوئے ان کی تصاویر بھی ڈیلیٹ کر دی تھیں۔
دبئی: دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی بیٹی، شہزادی شیخہ ماہرہ، ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔ حال ہی میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ انہوں نے اپنے شوہر، شیخ منا بن محمد راشد بن منا المکتوم، سے طلاق لے لی ہے۔ اس کے بعد شیخہ ماہرہ نے ایک نیا پرفیوم لانچ کیا ہے جس کا نام ’طلاق‘ رکھا گیا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کی ہے۔
پرفیوم کا ٹیزر انسٹاگرام پر جاری کیا گیا، جس میں ایک کالی بوتل، ٹوٹا ہوا شیشہ، کالی پنکھڑیاں، اور ایک سیاہ چیتا دکھایا گیا ہے۔ ٹیزر تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ پرفیوم کا نام ‘Divorce by Mahar M1’ رکھا گیا ہے۔ انسٹاگرام پر پرفیوم کا پوسٹر بھی شیئر کیا گیا ہے، جسے صارفین کی جانب سے کافی سراہا جا رہا ہے۔
شیخہ ماہرہ نے جولائی 2023 میں سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنے شوہر سے طلاق کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اپنے شوہر کو انسٹاگرام پر ان فالو کرتے ہوئے ان کی تصاویر بھی ڈیلیٹ کر دی تھیں۔ شیخہ ماہرہ اور شیخ منا کی ایک بیٹی ہے، جس کا نام شیخہ مہارا بنت منا بن محمد المکتوم ہے۔
شیخہ ماہرہ کی ذاتی زندگی کے علاوہ ان کے تعلیمی پس منظر پر بھی نظر ڈالی جائے تو وہ 26 فروری 1994 کو پیدا ہوئیں، اور ان کی عمر 30 سال ہے۔ ان کی والدہ جو گریگوراکوس یونانی نژاد ہیں، جبکہ شیخہ ماہرہ نے ابتدائی تعلیم دبئی کے ایک نجی اسکول سے حاصل کی اور لندن میں اعلیٰ تعلیم مکمل کی۔ انہوں نے بین الاقوامی تعلقات میں برطانیہ کی ایک یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کی اور پبلک ایڈمنسٹریشن میں بھی ڈگری لی ہے۔
شیخ منا بن محمد، جن سے شیخہ ماہرہ نے شادی کی تھی، ایک کامیاب کاروباری شخصیت ہیں اور ان کے متعدد کاروبار، بشمول جی سی آئی رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ، ایم ایم گروپ آف کمپنیز، اور دبئی ٹیک کے مالک ہیں۔ شیخ منا کے اثاثوں کا تخمینہ تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر ہے۔
طلاق کے اعلان کے بعد سے شیخہ ماہرہ کی نئی پرفیوم لائن ‘طلاق’ نے نہ صرف ان کے ذاتی سفر کی عکاسی کی ہے بلکہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور مارکیٹنگ کی مہارت کو بھی اجاگر کیا ہے۔