اورنگ زیب کے مقبرہ کے تحفظ کیلئے اے ایس آئی کے سرگرم اقدامات
محکمہ آثار ِ قدیمہ(اے ایس آئی) ضلع انتظامیہ کے تال میل سے مسلسل ”سرگرم اقدامات“ کررہا ہے تاکہ مہاراشٹرا کے خلدآباد میں واقع مغل شہنشاہ اورنگ زیب کے مقبرہ کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) محکمہ آثار ِ قدیمہ(اے ایس آئی) ضلع انتظامیہ کے تال میل سے مسلسل ”سرگرم اقدامات“ کررہا ہے تاکہ مہاراشٹرا کے خلدآباد میں واقع مغل شہنشاہ اورنگ زیب کے مقبرہ کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔
جمعرات کے دن پارلیمنٹ کو یہ بات بتائی گئی۔ مرکزی وزیر ثقافت گجیندر سنگھ شیخاوت نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ اطلاع دی۔
ان سے پوچھا گیا تھا کہ آیا یہ حقیقت ہے کہ اورنگ زیب کا مقبرہ آثارِ قدیمہ کے زیرتحفظ تاریخی عمارت ہے اور یہ تفصیلات اے ایس آئی کی ویب سائٹ پر موجود ہیں یا انہیں حالیہ دھمکیوں کے بہانہ سے ہٹادیا گیا۔
شیخاوت نے کہا کہ خلدآباد ضلع اورنگ آباد‘ مہاراشٹرا میں اورنگ زیب کا مقبرہ اے ایس آئی پروٹیکٹڈ مانومنٹ ہے۔ تفصیلات اے ایس آئی کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ اورنگ زیب کا مقبرہ اے ایس آئی کے اورنگ آباد سرکل کے تحت ہے۔
انہوں نے کہ کہ محکمہ آثارِ قدیمہ ضلع انتظامیہ کے تال میل سے مسلسل سرگرم اقدامات کرتا رہتا ہے کہ تاکہ مقبرہ کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ مقبرہ کے اطراف 12 فیٹ اونچی میٹل شیٹ لگادی گئی ہے۔ اطراف کی دیواروں پر خاردار تار لگادیا گیا ہے۔
ملٹی ٹاسکنگ اسٹاف کے علاوہ خانگی سیکوریٹی گارڈس بھی تعینات کردیئے گئے۔ محکمہ کے عہدیدار وقفہ وقفہ سے معائنہ کرتے رہتے ہیں۔