کھیل

آسٹریلیا ونڈے ورلڈکپ کے فائنل میں داخل۔ اتوار کو ہندوستان سے مقابلہ

پلیئر آف دی میاچ ٹراویس ہیڈ کے آل راونڈ مظاہرہ کی مدد سے آسٹریلیا نے ونڈے ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو 3 وکٹ سے شکست دیکر فائنل مقابلہ میں جگہ بنالی

کولکتہ: پلیئر آف دی میاچ ٹراویس ہیڈ کے آل راونڈ مظاہرہ کی مدد سے آسٹریلیا نے ونڈے ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو 3 وکٹ سے شکست دیکر فائنل مقابلہ میں جگہ بنالی جہاں اس کا اتوار کو ہندوستان سے سامنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں
پاکستانی ٹیم کبھی بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے: میکسویل
ورلڈکپ:شائقین نے لائیو اسٹریمنگ کا ریکارڈ بنادیا
ٹاس کے وقت سکے کو دور پھینکنے پر نیا تنازعہ پیدا ہوگیا
خواتین کا ٹی20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو ریکارڈ 10 وکٹوں سے شکست دے دی
آئرلینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخ رقم کردی

آسٹریلیا کو جیت کیلئے 213 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے 7 وکٹ کھوکر بنالئے۔ ٹیم کی کامیابی میں اوپنر ٹراویس ہیڈ کا اہم رول رہا جنہوں نے 48 گیندوں میں 9 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 62 رن بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیویڈ وارنر 29‘ اسٹیو اسمتھ 30‘ مارنس لبوشین 18 اور جوش انگلس 28 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان پیاٹ کمنس 14 اور مچل اسٹارک 16 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں نے آٹھویں وکٹ کیلئے 22 رن بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی اور کوئٹزی نے 2,2 جبکہ ربادا‘ مارکرم اور مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی ٹیم 49.4 اوورس میں 212 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقہ کے صرف 5 بلے باز ہی دوہرے ہندسے کو عبور کرپائے۔ جنوبی افریقہ نے ایک موقع پر محض 24 رن پر اپنے 4 وکٹ گنوادیئے تھے تاہم اس موقع پر ڈیویڈ ملر اور کلاسین نے پانچویں وکٹ کیلئے 95 رنوں کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو قابل دفاع اسکور کرنے میں مدد دی۔

کلاسین 47 رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیویڈ ملر ایک جانب رن بناتے رہے۔ ملر نے 116 گیندوں میں 8 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 101 رن بنائے۔

دیگر کھلاڑیوں میں مارکرم 10‘ کوئٹزی 19 اور کاگیسو ربادا 10 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کیلئے مچل اسٹارک اور کپتان کمنز نے 3,3 جبکہ جوش ہیزلووڈ اور ٹراویس ہیڈ نے 2,2 وکٹ حاصل کئے۔