آواز سٹی کمیٹی کا اجلاس، غریب مستحقین کو ڈبل بیڈ روم اور اندرام اسکیم کے تحت مکانات الاٹ کرنے کا مطالبہ
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالستار نے کہا کہ کانگریس حکومت کو اقتدار میں آئے ہوئے دو سال کا عرصہ گزر چکا ہے، لیکن انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدوں پر اب تک عمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے چھ ضمانتی اسکیموں پر عمل درآمد کا اعلان کیا تھا، مگر زمینی سطح پر ان کا کوئی اثر نظر نہیں آ رہا ہے، جس کی وجہ سے غریب عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
حیدرآباد: آج آواز سٹی کمیٹی کے زیر اہتمام سنتوش نگر عالم خودمیری بھون میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سٹی سیکریٹری عبدالستار نے شرکت کرتے ہوئے حکومت سے غریب اور مستحق عوام کے لیے ڈبل بیڈ روم اور اندرام اسکیم کے تحت مکانات فوری طور پر الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں شہر کے مختلف علاقوں سے آئی ہوئی خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک رہی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالستار نے کہا کہ کانگریس حکومت کو اقتدار میں آئے ہوئے دو سال کا عرصہ گزر چکا ہے، لیکن انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدوں پر اب تک عمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے چھ ضمانتی اسکیموں پر عمل درآمد کا اعلان کیا تھا، مگر زمینی سطح پر ان کا کوئی اثر نظر نہیں آ رہا ہے، جس کی وجہ سے غریب عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرائے کے مکانات میں رہنا غریب خاندانوں کے لیے ایک مستقل مسئلہ بن چکا ہے اور مکان مالکین کی جانب سے بڑھتے دباؤ نے حالات کو مزید خراب کر دیا ہے۔ اسی پس منظر میں تنظیم آواز کی جانب سے اندرام اسکیم کے تحت مکانات الاٹ کرنے کا مطالبہ مسلسل کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سٹی کلیکٹر اور ایم آر او آفس سے بھی رجوع کیا گیا، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اب تک کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔
عبدالستار نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے تنگ آ کر غریب اور مستحق عوام نے ایک بار پھر تنظیم آواز سے رجوع کیا ہے اور مکانات کے حصول کے لیے منظم جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جو مکانات پہلے ہی تعمیر ہو چکے ہیں، انہیں فوری طور پر مستحقین میں تقسیم کیا جائے تاکہ غریب عوام کو کرائے کے بوجھ سے نجات مل سکے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر اس مسئلہ پر توجہ نہ دی تو تنظیم آواز کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا، جس کی مکمل ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
اس اجلاس میں کارگزار صدر محمد کلیم الدین، سٹی قائد غلام نصیر اور تنظیم کے دیگر ذمہ داران نے بھی شرکت کی اور غریب عوام کے حق میں آواز بلند کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔