حیدرآباد

آواز حیدرآباد ساؤتھ کمیٹی کی تحصیلدار امبرپیٹ سے ملاقات، پنشن مسائل کے حل کا مطالبہ

آواز حیدرآباد ساؤتھ کمیٹی کی جانب سے سٹی سیکرٹری عبدالستار کی قیادت میں امبرپیٹ کے تحصیلدار جناب محمد انور حسین سے ملاقات کی گئی، جس کے دوران ملک پیٹ، شنکر نگر اور سنتوش نگر کے علاقوں میں پنشن سے محروم مستحق افراد کے مسائل سے متعلق ایک یادداشت پیش کی گئی۔

حیدرآباد: آواز حیدرآباد ساؤتھ کمیٹی کی جانب سے سٹی سیکرٹری عبدالستار کی قیادت میں امبرپیٹ کے تحصیلدار جناب محمد انور حسین سے ملاقات کی گئی، جس کے دوران ملک پیٹ، شنکر نگر اور سنتوش نگر کے علاقوں میں پنشن سے محروم مستحق افراد کے مسائل سے متعلق ایک یادداشت پیش کی گئی۔

متعلقہ خبریں
جامعہ راحت عالم للبنات عنبرپیٹ میں یومِ جمہوریہ کی تقریب، ڈاکٹر رفعت سیما کا خطاب
آئی یو ایم ایل سٹوڈنٹس کانفرنس "ہم سفر” نے حیدرآباد یونیورسٹی کے طلباء میں اتحاد اور سماجی ذمہ داری کا مطالبہ کیا
جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے میں 77واں یومِ جمہوریہ شان و شوکت سے منایا گیا
شرفیہ قرأت اکیڈمی کے بارھویں دو روزہ حسن قرأت قرآن کریم مسابقے کا کامیاب اختتام
،،یس آر گارڈن نلگنڈہ میں تحفظِ عقائد کانفرنس اور اسناد و انعامات کی تقسیم،،

یادداشت میں بتایا گیا کہ مذکورہ علاقوں میں بڑی تعداد میں مستحق افراد نے پنشن کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کروائی تھیں، تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود ان درخواستوں پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، جس کے باعث غریب اور بے سہارا افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

اس موقع پر تحصیلدار محمد انور حسین نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس مسئلے کو حکومت کے سامنے نمائندگی کے ذریعے پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تاحال اس سلسلے میں کوئی واضح ہدایات موصول نہیں ہوئیں، تاہم جیسے ہی کوئی سرکاری احکامات یا اعلان سامنے آئے گا، تمام مستحق افراد کو فائدہ پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

آواز کمیٹی نے حکومتِ تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ بے روزگار، مستقل آمدنی سے محروم اور ضرورت مند افراد کی رکی ہوئی پنشن فوری بحال کی جائے۔ ساتھ ہی یاد دلایا گیا کہ انتخابات کے دوران کانگریس حکومت نے ماہانہ پنشن کی رقم دو ہزار روپے سے بڑھا کر چار ہزار روپے کرنے کا وعدہ کیا تھا، جس پر عمل درآمد کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

کمیٹی نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ماضی کی طرح نئے پنشن درخواست گزاروں کو بھی شامل کرنے کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو سرکاری امداد میسر آ سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آواز کے دفتر پر بڑی تعداد میں غریب اور مستحق پنشن کے طلبگار افراد نے رجوع کیا تھا، جن کی جانب سے آواز تنظیم کے قائدین سٹی سیکرٹری عبدالستار اور غلام نصیر نے متعلقہ حکام کے سامنے نمائندگی کی۔