قومی
اعظم خان کے معاملہ میں سپریم کورٹ کا اہم اشارہ
سپریم کورٹ میں پیر کے دن کہاکہ سماج وادی پارٹی قائد محمداعظم خان کی درخواست کی سماعت جاریہ ہفتہ ہوسکتی ہے۔ اعظم خان نے نئے منی لانڈرنگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے ہاتھوں گرفتاری کو چیلنج کیاہے۔
نئی دہلی (پی ٹی آئی) سپریم کورٹ میں پیر کے دن کہاکہ سماج وادی پارٹی قائد محمداعظم خان کی درخواست کی سماعت جاریہ ہفتہ ہوسکتی ہے۔ اعظم خان نے نئے منی لانڈرنگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے ہاتھوں گرفتاری کو چیلنج کیاہے۔
چیف جسٹس سوریہ کانت کی بنچ نے اعظم خان کے وکیل نظام پاشاہ کی بات کا نوٹ لیا لیکن فوری لسٹنگ سے انکار کردیا۔ سی جے آئی نے تاہم کہاکہ درخواست اسی ہفتہ زیر سماعت آسکتی ہے۔
اتوار کے دن غازی آباد کی خصوصی عدالت نے اعظم خان کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیاتھا۔
78 سالہ بزرگ قائد کو جوہر ٹرسٹ سے جڑے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلہ میں غازی آباد کی خصوصی عدالت میں پیش کیاگیاتھا۔ انہیں کڑے پہرے میں عدالت لایاگیاتھا۔ ان کے حامیوں کی بڑی تعداد اپنے قائد کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے باہر جمع تھی۔