دیامرزا،ہمیں نہ بتائے کہ دیوالی کیسے منانی ہے: شیوسینا
بی جے پی اور شیو سینا نے بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی آلودگی سے پاک دیوالی مہم میں بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا کے حصہ لینے پر پیر کے دن تنقید کی۔ اس نے کہاکہ ملک کے عوام جانتے ہیں کہ تہوار کیسے مناناہے‘ انہیں بتانے کی ضرورت نہیں۔
ممبئی (آئی اے این ایس) بی جے پی اور شیو سینا نے بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی آلودگی سے پاک دیوالی مہم میں بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا کے حصہ لینے پر پیر کے دن تنقید کی۔ اس نے کہاکہ ملک کے عوام جانتے ہیں کہ تہوار کیسے مناناہے‘ انہیں بتانے کی ضرورت نہیں۔
ممبئی بی جے پی کے صدر امیت ساٹم کے اعتراض پر بی ایم سی نے دیا مرزا کا ویڈیو ڈیلیٹ کردیا۔ بلدیہ کی بیداری مہم پر تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔ آئی اے این ایس سے بات چیت میں مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے کہاکہ دیا مرزا کا تعلق مسلم فرقہ سے ہے‘ مسئلہ کسی مخصوص مذہب کا نہیں ہے۔
میرے خیال میں دیا مرزا فلم اداکارہ ہے اور مسلم فرقہ سے تعلق رکھتی ہے لیکن یہ معاملہ کسی مخصوص برادری کا نہیں ہے۔ ہندوستان وہ ملک ہے جہاں ڈاکٹر امبیڈکر کے دستور نے ہر مذہب کو اپنے تہوار منانے کا حق دیاہے۔ اٹھاولے نے کہاکہ مسلمان عید اور رمضان مناتے ہیں اور ہندو لوگ بھی اس میں حصہ لیتے ہیں۔
وہ مسلمانوں کے تہواروں کا احترام کرتے ہیں۔ اسی طرح ہندو فرقہ کے لوگ دیوالی مناتے ہیں۔ پٹاخے نہ پھوڑے گئے تو دیوالی کی اہمیت گھٹ سکتی ہے تاہم ہمیں بڑھتی آلودگی کی بھی فکر کرنی ہوگی۔ بی جے پی کے رکن قانون ساز کونسل سریکانت بھارتیہ نے کہاکہ دیا مرزا کو اپنے اندر جھانک کردیکھناچاہئے۔ اسے دیوالی پر تبصرہ کرنے سے قبل اپنے فرقہ کے رسوم و رواج کو سمجھنا چاہئے۔
ہم کسی برادری مذہب یا طریقہ عبادت کے خلاف نہیں ہیں لیکن دیامرزا کو محاسبہ کرناچاہئے اور دیکھناچاہئے کہ اس کے اپنے فرقہ میں کیا چل رہاہے۔ اسے کم از کم مسلمانوں سے ایک مرتبہ بات چیت کرنی چاہئے اور صورتحال کو سمجھنا چاہئے۔ اس دیش کی جنتا کو پتہ ہے کہ دیوالی کیسے مناناہے‘کسی کو بھی کچھ بتانے کی ضرورت نہیں۔ ہندوستان میں ہندوؤں کو ماحولیات کی کئی سالوں بلکہ صدیوں سے فکر ہے۔
یہ ہمارے لیے نیا نہیں ہے۔ دیا مرزا کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے کہ آتش بازی کہاں اور کیسے کرنی ہے۔ شیو سینا کی قومی ترجمان شائنہ این سی نے کہاکہ ہر شہری کو دیوالی کے دوران آلودگی کے تعلق سے سوچنا چاہئے۔ دیا مرزا کے نام کا مطلب خود روشنی ہے۔ اسے پتہ ہوناچاہئے کہ دیوالی روشنیوں کا تہوار ہے۔ آتشبازی کے وقت آلودگی کا بھی خیال رکھناچاہئے کیونکہ زندگی اور صحت سب سے پہلے ہیں۔
بی ایم سی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آتشبازی نہ کریں اور موافق ماحولیات دیوالی منائیں۔ بمبئی ہائیکورٹ نے ممبئی میں بڑھتی آلودگی کے بیچ اس کی ہدایت جاری کی تھی۔ شعور بیداری مہم کے تحت بی ایم سی نے کئی ممتاز شخصیتوں بشمول دیا مرزا‘مادھوری دکشت اور کرکٹ اجینکیا رہانے کی خدمات حاصل کی تھی۔
اس نے ویڈیو پیام ریکارڈ کرائے اور لوگوں سے آلودگی سے پاک دیوالی منانے کی اپیل کی تاہم امیت ساٹم نے دیا مرزا کی شمولیت پر تنقید کی۔ انہوں نے کہاکہ باہر کے لوگ ہمیں دیوالی کیسے مناناہے اس کا پاٹھ کیسے پڑھا سکتے ہیں۔ ممبئی بی جے پی کے صدر نے ایکس پر پوسٹ میں کہاکہ ہمیں دیا مرزا سے سبق لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہماری روایات ہمارے کلچر میں اچھی طرح پیوست ہیں۔