شمالی بھارت

باندرہ ٹرمینس-جودھ پور سوریہ نگری ایکسپریس پٹری سے اترگئی

ریلوے کے سرکاری ذرائع کے مطابق، ٹرین نمبر 12480، باندرہ ٹرمینس – جودھپور سوریہ نگری ایکسپریس کے 13 ڈبے آج علی الصبح 03:27 بجے جودھ پور ڈویژن کے راجکیواس - بومادرا ریل سیکشن کے درمیان پٹری سے اتر گئے۔

جودھ پور: باندرہ ٹرمینس-جودھپور سوریہ نگری ایکسپریس ٹرین جودھپور ڈویژن کے راجکیواس-بومادرا ریل سیکشن کے درمیان آج علی الصبح پٹری سے اتر گئی، جس سے دو درجن سے زیادہ مسافر زخمی ہوگئے۔

ریلوے کے سرکاری ذرائع کے مطابق، ٹرین نمبر 12480، باندرہ ٹرمینس – جودھپور سوریہ نگری ایکسپریس کے 13 ڈبے آج علی الصبح 03:27 بجے جودھ پور ڈویژن کے راجکیواس – بومادرا ریل سیکشن کے درمیان پٹری سے اتر گئے۔

ان میں سے تین کوچز الٹ گئے۔ حالانکہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حادثے میں 26 مسافر زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک مسافر شدید زخمی ہے۔ زخمی مسافروں کو علاج کے لیے پالی کے بانگڑ اسپتال لے جایا گیا۔

ریلوے کی طرف سے جودھپور سے حادثہ سے متعلق ریلیف ٹرین اور ریلوے کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے اور شام تک ریل روٹ پر ریل ٹریفک بحال ہوسکے گی۔

حادثے کے بعد 12 ٹرینوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے جبکہ کچھ ٹرینوں کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ مسافروں کو منزل تک پہنچانے کے لیے بسوں کا بھی انتظام کیا گیا اور مسافروں کو پٹری سے اترنے والی ٹرین کے محفوظ اگلے ڈبوں میں جودھ پور روانہ کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے پالی کے بانگڈ اسپتال میں داخل زخمی مسافروں سے بات کرنے کے بعد معلومات حاصل کیں۔ باندرہ ٹرمینس-جودھ پور سوریہ نگری ایکسپریس کے پٹری سے اترنے سے زخمی ہونے والے مسافروں کو امداد فراہم کرکے راحت فراہم کی گئی ہے۔ 26 مسافر بانگڈ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

زخمی مسافروں کو امداد فراہم کرنے کے لیے 16 مسافروں کو 25 ہزار روپے اور ایک شدید زخمی مسافر کو ایک لاکھ روپے دیے گئے ہیں۔ ریلوے حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور مسٹر وشنو خود صورتحال کا جائزہ لینے آ رہے ہیں۔