بنگلہ دیش میڈیکل کالج داخلہ فراڈ معاملہ:چار ملزموں کے خلاف چارج شیٹ داخل: ای او ڈبلیو
ونگ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کرائم برانچ نے تعزیرات ہند کی دفعات 420 اور 120 – بی کے تحت درج ایف آئی آر نمبر20/2025 میں چار ملزموں کے خلاف چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سری نگر کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کردی جن پر دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
سری نگر: کرائم برانچ جموں وکشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) نے بنگلہ دیش میڈیکل کالج داخلہ فراڈ معاملے میں چار ملزموں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔
ونگ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کرائم برانچ نے تعزیرات ہند کی دفعات 420 اور 120 – بی کے تحت درج ایف آئی آر نمبر20/2025 میں چار ملزموں کے خلاف چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سری نگر کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کردی جن پر دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ شکایت کنندہ کو اس کے رشتہ دار پیر زادہ عابد ولد پیر زادہ محمد نعیم ساکن بجبہاڑہ حال آزاد بستی نٹی پورہ سری نگر نے سید وسیم ولد سید بشیر احمد ساکن کریم آباد پلوامہ حال آزاد بستی نٹی پورہ سری نگر، مالک میسرز یورپ کنسلٹنسی سینٹر، سے ملوایا جنہوں نے شکایت کنندہ کے بیٹے کو بنگلہ دیش کے ایک میڈیکل کالج میں داخلہ دلانے کی یقین دہانی کرائی۔
ان کا کہنا ہے کہ ‘بعد میں شکایت کنندہ کو سید سہیل اعجاز ولد سید اعجاز قادری ساکن تکیہ ماگام کوکرناگ حال مسلم آباد بالمقابل نندریش کالونی بمنہ اور ضیغم خان ولد غلام محمد خان ساکن محمودیہ کالونی بمنہ سری نگر، مالکان اوور سیز کنسلٹنسی، سے متعارف کرایا گیا جن کی یقین دہانیوں پر شکایت کنندہ نے لاکھوں روپے بطور فیس ادا کئے جو پارک ویو میڈیکل کالج میں جمع کرانے تھے’۔
ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزموں نے دھوکہ دہی سے لاکھوں روپیے وصول کئے تاہم کالج میں صرف 8 ہزار امریکی ڈالر (سال 2021 کے زر مبادلہ کے مطابق تقریباً 6.04 لاکھ روپیے) جمع کرائے گئے، بقیہ رقم ادا نہ کئے جانے کی وجہ سے طالب علم کو کالج چھوڑنے کے لئے کہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بینک ریکارڈ، میڈیکل کالج کی سرکاری خط و کتابت اور دوران تفتیش ریکارڈ کئے گئے بیانات کی بنیاد پر چاروں ملزموں پیر زادہ عابد، سید وسیم، سید سہیل اعجاز اور ضیغم خان کے خلاف الزامات ثابت پائے گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل کرکے چارج شیٹ مجاز عدالت میں عدالتی کارروائی کے لئے پیش کر دی گئی ہے۔