تنظیموں پر امتناع عائد کرنا مسئلہ کا حل نہیں: سیتا رام یچوری
یچوری نے کہا کہ آر ایس ایس پر تین بار امتناع عائد کیا گیا۔ کیا اس نے اپنی سرگرمی روک دی؟ لہٰذا امتناع کوئی حل نہیں۔ ماضی میں بھی تنظیموں پر امتناع عائد کیا گیا، لیکن وہ نئے نام سے ابھریں۔
تیرواننتا پورم: جنرل سکریٹری کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا۔ ایم سیتا رام یچوری نے آج کہا کہ تنظیموں پر امتناع عائد کرنے سے کوئی مقصد حاصل نہیں ہوتا، کیوں کہ وہ دوسرے نام سے پھر دوبارہ وجود میں آجاتے ہیں۔ مرکز کی جانب سے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) اور اس سے ملحقہ تنظیموں پر پانچ سال کے لیے امتناع عائد کیے جانے کے پیش نظر انہوں نے یہ خیال ظاہر کیا۔
مرکزی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا گیا کہ انسدادِ غیرقانونی سرگرمیوں کے قانون 1967 (37/1967) کے دفعہ 3 کی ذیلی دفعہ 1 کے تحت محصلہ اختیارات کو استعمال میں لاتے ہوئے مرکزی حکومت اعلان کرتی ہے کہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا اور اس کی معاون یا ملحقہ محاذوں جن میں ریہاب انڈیا فاؤنڈیشن (آر آئی ایف)، کیمپس فرنٹ آف اندیا (سی ایف آئی)، آل انڈیا امامس کونسل (اے آئی آئی سی)، نیشنل کنفیڈریشن آف ہیومن رائٹس آرگنائزیشن (این سی ایچ آر او)، نیشنل ویمنس فرنٹ، جونیئر فرنٹ، امپاورمنٹ انڈیا فاؤنڈیشن اور ریہاب فاؤنڈیشن کیرالا کو غیرقانونی قرار دیا جاتا ہے۔
یچوری نے کہا کہ آر ایس ایس پر تین بار امتناع عائد کیا گیا۔ کیا اس نے اپنی سرگرمی روک دی؟ لہٰذا امتناع کوئی حل نہیں۔ ماضی میں بھی تنظیموں پر امتناع عائد کیا گیا، لیکن وہ نئے نام سے ابھریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیمی پر نظر ڈالیے، اس پر امتناع عائد ہوا تھا، لیکن کیا ہوا؟
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو یہاں مخاطب کرتے ہوئے یچوری نے یہ بات کہی اور کہا کہ ہر قسم کی دہشت گرد سرگرمی کو روکا جانا چاہیے اور بلڈوزر سیاست کو بھی روکا جائے۔
پی ایف آئی کے ساتھ ربط رکھنے والی جماعت انڈین نیشنل لیگ جو حکمراں بائیں بازو کی حلیف پارٹی ہے کو اتحاد سے نکالنے صدر بی جے پی کے سندرن کے مطالبہ پر سوال کا جواب دیتے ہوئے یچوری نے برجستہ کہا کہ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ حقائق کو سمجھیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے یچوری نے کہا کہ واٹس ایپ پیامات کی تشہیر سے کوئی مدد نہیں ملے گی۔ ہمارے بچپن کے دنوں میں ایک صحافی کا اندازہ اس کے جوتوں کے تلوں سے کیا جاتا تھا۔ ایک صحافی کو چاہیے کہ وہ خبروں کی تلاش میں نکلے۔ سینئر لیڈر نے زور دے کر کہا کہ وہ انہیں یہ ہدایت کررہے ہیں۔