جرائم و حادثاتقومیکرناٹک

ماں نے عاشق کیلئے 24سالہ بیٹے کی جان لے لی

غیر ازدواجی تعلقات میں مبینہ رکاوٹ بننے پر 24 سالہ نوجوان کا قتل، کرناٹک کے پرچم سے گلا گھونٹنے کا الزام، ماں اور عاشق سمیت چھ افراد گرفتار۔

بیلگاوی: کرناٹک کے شہر بیلگاوی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر غیر ازدواجی تعلقات میں رکاوٹ بننے پر ایک ماں نے اپنے عاشق اور اس کے دوستوں کے ساتھ مل کر اپنے ہی بیٹے کو قتل کروا دیا۔ پولیس کے مطابق بنگلورو کے آر ٹی نگر سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ وجئے نارائن کو کرناٹک راجیہ اتسوا کی تقریبات دکھانے کے بہانے بیلگاوی بلایا گیا اور یکم نومبر کی رات کرناٹک کے پرچم سے گلا گھونٹ کر اس کا قتل کردیا گیا۔ اس معاملے میں پولیس نے مقتول کی ماں مینا سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق مینا بنگلورو کے ایک بیوٹی پارلر میں منیجر کی حیثیت سے کام کرتی تھی۔ اسی دوران اس کی ملاقات مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے راکیش نامی نوجوان سے ہوئی اور دونوں کے درمیان مبینہ طور پر غیر ازدواجی تعلقات قائم ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ بیٹے کو اس تعلق کا شبہ نہ ہو، اس لیے مینا نے راکیش کو اپنا کار ڈرائیور مقرر کر رکھا تھا۔

تاہم وجئے نارائن کو اپنی ماں کے تعلقات کا علم ہوگیا تھا اور وہ اس پر سخت اعتراض کررہا تھا۔ پولیس کے مطابق بیٹے کی مخالفت سے پریشان ہوکر مینا اور اس کے عاشق راکیش نے اسے راستے سے ہٹانے کی سازش تیار کی۔

منصوبے کے تحت یکم نومبر کو کرناٹک راجیہ اتسوا کی تقریبات دیکھنے کے بہانے وجئے کو بیلگاوی لے جایا گیا۔ وہاں راکیش اور اس کے چار ساتھیوں سچن، منوج، تمنا اور ایکناتھ نے مبینہ طور پر اسے قومی شاہراہ کے قریب ایک سنسان مقام پر لے جاکر کرناٹک کے پرچم سے اس کا گلا گھونٹ دیا اور لاش وہیں پھینک کر فرار ہوگئے۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ واردات کے وقت مینا بنگلورو میں موجود تھی اور مبینہ طور پر فون کے ذریعے اپنے عاشق سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے بیٹے کے قتل سے متعلق معلومات حاصل کررہی تھی۔ واردات کے بعد راکیش واپس بنگلورو پہنچ گیا۔

دوسری جانب سنسان مقام پر ایک نامعلوم نوجوان کی لاش ملنے کے پولیس ٹیم نے تحقیقات شروع کیں۔ پولیس نے متوفی کی شناخت وجئے نارائن کے طور پر کی اور اس کی ماں مینا کو پوچھ گچھ کے لیے بیلگاوی طلب کیا۔

پولیس کے مطابق مینا کے بیانات میں تضاد اور اس کے رویے سے شکوک پیدا ہوئے۔ بعد ازاں وجئے، مینا اور راکیش کے موبائل فون کال ریکارڈس کی جانچ کی گئی اور سخت پوچھ گچھ کے دوران مبینہ طور پر قتل کی سازش بے نقاب ہوگئی۔

پولیس نے اس معاملے میں مینا، اس کے عاشق راکیش اور اس کے چار ساتھیوں سچن، منوج، تمنا اور ایکناتھ کو گرفتار کرلیا ہے۔ تمام چھ ملزمین کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔