Uncategorized

مکان مالکن کی عجیب و غریب شرائط، رات 10 بجے تک گھر واپسی لازمی، ایک لاکھ روپے ڈپازٹ کا مطالبہ

بنگلورو میں ایک مکان مالکن نے کرایہ داروں کے لیے رات 10 بجے تک گھر واپسی، مہمانوں سے متعلق پابندیوں اور صفائی سمیت کئی شرطیں رکھیں۔ ایک لاکھ روپے ڈپازٹ اور چھ ماہ کے لاک اِن پیریڈ کی شرط بھی سامنے آئی۔

بنگلورو: کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں مکان کرایہ پر دینے کے لیے ایک خاتون کی جانب سے رکھی گئی غیر معمولی شرائط سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی ہیں۔ ان شرائط میں رات 10 بجے تک گھر واپس آنا، مہمانوں کی آمد پر پابندیوں، پانی کے استعمال میں احتیاط اور چھ ماہ تک مکان خالی نہ کرنے جیسی شرطیں شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک صارف نے اپنی دوست پوجا کا واقعہ شیئر کیا، جو تعلیم کے سلسلے میں بنگلورو گئی ہوئی ہیں۔ بتایا گیا کہ پوجا نے شہر میں ایک 3 بی ایچ کے فلیٹ کو کرایہ پر لینے کے لیے پسند کیا تھا۔ مکان کا ماہانہ کرایہ 17 ہزار روپے بتایا گیا، جسے ابتدائی طور پر مناسب سمجھا گیا، لیکن مکان مالکن کی شرائط سامنے آنے کے بعد معاملہ بدل گیا۔

رات 10 بجے کے بعد گھر سے باہر رہنے کی اجازت نہیں!

وائرل پوسٹ کے مطابق مکان مالکن نے واضح کیا کہ فلیٹ میں زیادہ سے زیادہ دو افراد ہی رہ سکتے ہیں اور دونوں کو ہر حال میں رات 10 بجے تک گھر واپس آنا ہوگا۔

صرف یہی نہیں، اگر کوئی مرد دوست فلیٹ پر آئے تو کرایہ داروں کو اس کے گھر والوں سے بات چیت کا انتظام بھی کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ پانی کا غیر ضروری استعمال نہ کرنے، صفائی برقرار رکھنے، شور شرابہ نہ کرنے اور بلا ضرورت چھت پر نہ جانے جیسی شرائط بھی رکھی گئیں۔

چھ ماہ کا لاک اِن پیریڈ، ایک لاکھ روپے ڈپازٹ

تاہم سب سے حیران کن شرط ایک لاکھ روپے بطور سیکیورٹی ڈپازٹ جمع کرانے کی تھی۔ مکان مالک کے مطابق کرایہ داروں کو کم از کم چھ ماہ تک فلیٹ میں رہنا ہوگا۔ اگر وہ چھ ماہ مکمل ہونے سے پہلے مکان خالی کرتے ہیں تو جمع کردہ رقم واپس نہیں کی جائے گی۔

ان شرائط کے بعد پوجا نے فلیٹ کرایہ پر لینے کا ارادہ ترک کردیا۔ ان کا سوال تھا کہ تعلیم کے لیے دوسرے شہر آنے والے طلبہ کے لیے اتنی بڑی رقم کا انتظام کرنا اور اس طرح کی پابندیوں کے ساتھ رہنا آخر کس قدر آسان ہوگا؟

سوشل میڈیا پر چھڑ گئی نئی بحث

یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے درمیان مکان مالکوں کے اختیارات اور کرایہ داروں کی آزادی پر بحث شروع ہوگئی ہے۔ بعض صارفین مکان مالکان کی جانب سے جائیداد کے تحفظ اور صفائی کے لیے شرائط رکھنے کو درست قرار دے رہے ہیں، جبکہ کئی افراد کا کہنا ہے کہ کرایہ داروں کی نجی زندگی میں اس حد تک مداخلت مناسب نہیں۔

اس واقعہ نے ایک بار پھر یہ سوال کھڑا کردیا ہے کہ مکان مالکان کی شرائط کہاں تک جائز ہیں اور کرایہ داروں کی ذاتی آزادی اور حقوق کا تحفظ کیسے کیا جانا چاہیے؟

نوٹ: یہ واقعہ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک وائرل پوسٹ پر مبنی ہے۔