غریبوں کو بہتر معیاری صحت کی دیکھ بھال کی خدمات حکومت کا بنیادی مقصد:ہریش راو
سرکاری اسپتالوں میں پرائیویٹ اسپتالوں کی طرز پر بہتر طبی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ ریاستی حکومت کا بنیادی مقصد غریبوں کو معیاری صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر صحت ہریش راو نے زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر صحت عامہ کیلئے وزیراعلی چندرشیکھرراو نے پلے دواخانے،بستی دواخانے، پرائمری ہیلت سنٹرس،ایریا اسپتالوں اورٹیچنگ اسپتالوں کا قیام عمل میں لایا ہے۔
سرکاری اسپتالوں میں پرائیویٹ اسپتالوں کی طرز پر بہتر طبی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ ریاستی حکومت کا بنیادی مقصد غریبوں کو معیاری صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنا ہے۔ وزیرموصوف نے سدی پیٹ ضلع کے گٹلا مالیا میں 63 لاکھ روپے سے پرائمری ہیلت سنٹر کی عمارت کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت دیہاتوں کو تمام سہولیات کے ساتھ مثالی بنا رہی ہے۔انہوں نے سدی پیٹ بلدیہ کے زیراہتمام گھر گھر پودے تقسیم کرنے کے پروگرام میں بھی شرکت کی اور پرچم لہرا کر پروگرام کا آغاز کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ تلنگانہ واحد ریاست ہے جس نے شجرکاری کے ذریعہ 7.4 فیصد سرسبزی وشادابی میں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے صرف اسپتال بنانا ضروری نہیں بلکہ انہیں بیماریوں سے بچانا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت اگانے سے صحت کو ہر طرح سے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ مشن بھاگیرتا کے ذریعہ محفوظ پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے۔