تلنگانہحیدرآباد

دسہرہ سے پہلے مسافروں کیلئے بڑا اعلان

دسہرہ تہوار کے موقع پر اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرنے والے مسافروں کو بحفاظت ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے بڑے پیمانے پر خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ ٹی جی ایس آر ٹی سی نے دسہرہ کے موقع پر 7 ہزار خصوصی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

دسہرہ تہوار کے موقع پر اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرنے والے مسافروں کو بحفاظت ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے بڑے پیمانے پر خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ ٹی جی ایس آر ٹی سی نے دسہرہ کے موقع پر 7 ہزار خصوصی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان میں کریم نگر زون سے 3,533 خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔ ریجن کے لحاظ سے عادل آباد سے 431، نظام آباد سے 719، کریم نگر سے 1,175، ورنگل سے 530 اور کھمم سے 678 بسیں چلائی جائیں گی۔

جبکہ حیدرآباد زون سے 2,155 خصوصی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں محبوب نگر سے 645، میدک سے 255، نلگنڈہ سے 815 اور رنگاریڈی سے 440 بسیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گریٹر حیدرآباد زون سے بھی دسہرہ کے لیے 1,312 خصوصی سروسز چلائی جائیں گی۔

ٹی جی ایس آر ٹی سی کے مطابق رواں ماہ 9، 10، 16 اور 17 تاریخ کو مسافروں کی بھیڑ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ ان دنوں مسافروں کی تعداد کے مطابق اضافی خصوصی بسیں دستیاب رکھی جائیں گی۔ اسی طرح 25 اور 26 تاریخ کو آبائی علاقوں سے حیدرآباد واپسی کے دوران بڑھنے والی مسافروں کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ حیدرآباد میں ایم جی بی ایس، جے بی ایس، اپل نلا چرو، آرام گھر، ایل بی نگر کراس روڈس، کے پی ایچ بی، بوئن پلی اور گچی باؤلی سمیت دیگر اہم مقامات سے خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔

مسافروں کی سہولت کے لیے ان اہم مقامات پر پنڈال، شامیانے، کرسیاں، پبلک ایڈریس سسٹم، پینے کے پانی اور موبائل بیت الخلاء کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ مسافروں کی بھیڑ کے مطابق خصوصی بسوں کو مختلف روٹس پر چلایا جائے گا۔

ٹی جی ایس آر ٹی سی نے واضح کیا ہے کہ خصوصی بسوں کے اضافی ڈیزل اور آپریشنل اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت کے 2003 کے جی او نمبر 16 کے تحت تہواروں اور خصوصی مواقع پر چلائی جانے والی خصوصی بسوں کے کرایوں میں 1.5 گنا تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اسی حکومتی حکم کے مطابق اس دسہرہ کے موقع پر بھی خصوصی بسوں کے ٹکٹ کرایوں میں 1.5 گنا تک نظرثانی کی گئی ہے۔

یہ نظرثانی شدہ کرایے صرف خصوصی بسوں پر لاگو ہوں گے، چاہے وہ تلنگانہ کے اندر چلائی جائیں یا دیگر ریاستوں کے لیے روانہ ہوں۔ 9، 10، 16 اور 17 تاریخ کے علاوہ واپسی کے دوران زیادہ بھیڑ والے 25 اور 26 تاریخ کو بھی خصوصی بسوں میں نظرثانی شدہ کرایے وصول کیے جائیں گے۔ تاہم خصوصی بسوں کے علاوہ تمام ریگولر بسوں میں معمول کے کرایے ہی برقرار رہیں گے۔

ٹی جی ایس آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر وائی ناگ ریڈی نے واضح کیا ہے کہ ریاستی حکومت کی مہالکشمی اسکیم کے تحت دسہرہ کے موقع پر چلائی جانے والی پلے ویلوگو، ایکسپریس، سٹی آرڈنری اور میٹرو ایکسپریس سمیت ریگولر اور خصوصی بسوں میں خواتین کے لیے مفت بس سفر کی سہولت حسب معمول جاری رہے گی۔

ٹی جی ایس آر ٹی سی نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بسوں میں اپنی نشستیں پیشگی محفوظ کرانے کے لیے www.tgsrtcbus.in ویب سائٹ پر بکنگ کریں۔ دسہرہ کے موقع پر اپنے آبائی علاقوں کا سفر کرنے والے مسافر خصوصی بسوں اور دیگر انتظامات سے متعلق مکمل معلومات کے لیے اسکرین پر دیئے گئے ٹی جی ایس آر ٹی سی کے کال سینٹر نمبرز
040-69440000
اور
040-23450033
پر رابطہ کرسکتے ہیں۔