کھیل

محمد سراج کو ٹیم میں جگہ نہ ملنے پر سیاسی بحث

مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو اور اترپردیش کے بی جے پی رہنماؤں نے کانگریس رکن پارلیمنٹ عمران مسعود کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔ عمران مسعود نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ میں تیز گیند باز محمد سراج کو پلیئنگ الیون سے باہر رکھنے کے فیصلے میں مبینہ فرقہ وارانہ تعصب کا اشارہ دیا تھا۔

نئی دہلی/لکھنؤ: مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو اور اترپردیش کے بی جے پی رہنماؤں نے کانگریس رکن پارلیمنٹ عمران مسعود کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔ عمران مسعود نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ میں تیز گیند باز محمد سراج کو پلیئنگ الیون سے باہر رکھنے کے فیصلے میں مبینہ فرقہ وارانہ تعصب کا اشارہ دیا تھا۔

کرن رجیجو اور بی جے پی رہنماؤں نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں کسی کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر امتیاز نہیں برتا جاتا اور نہ ہی اسے نظرانداز کیا جاتا ہے۔سہارنپور سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور اترپردیش کانگریس کے کارگزار صدر عمران مسعود نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ محمد سراج کو ان کے نام کی وجہ سے ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی۔

اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کرن رجیجو نے صحافیوں سے کہا، ”ہمارے ملک میں کسی کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر امتیاز نہیں کیا جاتا اور نہ ہی اسے نظرانداز کیا جاتا ہے۔ یہاں مواقع اہلیت کی بنیاد پر دیے جاتے ہیں۔‘انہوں نے مزید کہا کہ کسی شخص کے مذہب یا ذات کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔رجیجو نے کہا، ”اگر کسی کو ایسا محسوس ہوتا ہے تو یہ درست نہیں ہے۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ہم سب ایک ہیں اور ہمارا مقصد ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ اور ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ ہے۔ اس لیے ذات یا مذہب کی بنیاد پر تفریق پیدا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

عمران مسعود کے بیان پر بی جے پی کے قومی ترجمان پردیپ بھنڈاری نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ کانگریس نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو بھی اپنی ووٹ بینک سیاست سے نہیں بخشا۔ انہوں نے کانگریس پر فرقہ وارانہ سیاست کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔بھنڈاری نے مزید کہا کہ ہندوستانی جرسی پہننے والا ہر شخص ہندوستانی ہے اور کانگریس ہمیشہ قومی مفاد کے مقابلے میں ووٹ بینک کی سیاست کو ترجیح دیتی ہے۔