مسلم معاشرہ کی خدمات کو اجاگر کرنے اورنگ آباد میں انڈین ہسٹری ایگزیبیشن
انڈین ہسٹری فورم اور مولانا آزاد کالج کے اشتراک سے 29 نومبر تک نمائش جاری رہے گی، تعلیم، سائنس، طب، فن تعمیر اور تہذیبی خدمات کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔
اورنگ آباد، 22 نومبر (یو این آئی) ہندوستان کی تاریخ کے مختلف پہلوؤں اور خصوصاً ملک کی ترقی میں مسلم معاشرے کی تاریخی، تہذیبی، تعلیمی، سائنسی اور سماجی و اقتصادی خدمات سے عوام اور نئی نسل کو واقف کرانے کے لیے انڈین ہسٹری فورم اور مولانا آزاد کالج آف آرٹس، سائنس اینڈ کامرس نے انڈین ہسٹری ایگزیبیشن 2026 کا اہتمام کیا ہے۔
منتظمین کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نمائش کا افتتاح اتوار 22 نومبر 2026 کو صبح 11 بجے نول ٹاٹا اسٹیڈیم، ڈاکٹر رفیق زکریامولانا آزاد کالج کیمپس میں ہوا۔ یہ نمائش 22 سے 29 نومبر تک روزانہ صبح 11 بجے سے رات 9 بجے تک تمام شہریوں کے لیے کھلی رہے گی۔ اس میں ہندوستان کی تاریخ اور مختلف شعبوں میں مسلم معاشرے کی خدمات کو نمایاں کیا جائے گا۔
نمائش میں تعلیم، علم و سائنس، طب، فلکیات، تحقیق، تجارت، صنعت، معیشت، دستکاری، شہری منصوبہ بندی، فن تعمیر، سماجی ہم آہنگی اور ہندوستان کے تاریخی بین الاقوامی تعلقات جیسے موضوعات پر معلومات پیش کی جائیں گی۔ تاریخی عمارتوں اور ورثے کے نمونے بھی رکھے جائیں گے، جن میں خاص طور پر دولت آباد قلعے اور پن چکی کے ماڈل شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ قدیم سکے، تاریخی تعلیمی اداروں اور پرانے طرز تعمیر کے متعلق معلومات بھی فراہم کی جائیں گی۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ ان اشیا اور معلومات کے ذریعے آنے والوں کو ہندوستان کے تاریخی ورثے کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملے گا اور وہ مختلف ادوار کی علمی اور ثقافتی سرگرمیوں سے واقف ہوسکیں گے۔منتظمین کے مطابق تاریخ کو صرف بادشاہوں، حکومتوں اور اقتدار کی کشمکش تک محدود رکھنا کافی نہیں، بلکہ مختلف سماجی طبقات نے علم، فنون، ثقافت، سائنس اور قوم کی تعمیر میں جو کردار ادا کیا ہے، اس کا مطالعہ بھی ضروری ہے۔
نمائش کا خاص مقصد نوجوان نسل اور طلبہ میں تاریخ کے بارے میں آگاہی، درست معلومات اور اعتماد پیدا کرنا ہے۔ منتظمین نے مؤرخین، محققین، ماہرین تعلیم، صحافیوں، سماجی شعبوں کے نمائندوں، طلبہ، نوجوانوں اور عام شہریوں سے نمائش دیکھنے کی اپیل کی ہے۔