بہار کے وزیر نے یوٹیوبر پر حملہ کردیا، تیجسوی یادو کا الزام
قائد ِ اپوزیشن بہار اسمبلی تیجسوی یادو نے پیر کے دن این ڈی اے حکومت پر سخت تنقید کی۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر شہری ترقیات جیویش مشرا نے ایک یوٹیوبر پر جس نے ان کے حلقہ میں سڑکوں کی خراب حالت پر سوال اٹھایا تھا، حملہ کردیا اور اُسے گالیاں دیں۔
پٹنہ (آئی اے این ایس) قائد ِ اپوزیشن بہار اسمبلی تیجسوی یادو نے پیر کے دن این ڈی اے حکومت پر سخت تنقید کی۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر شہری ترقیات جیویش مشرا نے ایک یوٹیوبر پر جس نے ان کے حلقہ میں سڑکوں کی خراب حالت پر سوال اٹھایا تھا، حملہ کردیا اور اُسے گالیاں دیں۔
پٹنہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں تیجسوی یادو نے مبینہ حملہ کا ویڈیو دکھایا اور دعویٰ کیا کہ یہ صحافی پسماندہ برادری سے تعلق رکھتا ہے۔ اسے مفادِ عامہ میں سوال پوچھنے پر نشانہ بنایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ جب پسماندہ سماج کا ایک صحافی سڑکوں کی خراب حالت کا مسئلہ اٹھاتا ہے تو وزیر جیویش مشرا اُسے رات کے اندھیرے میں مار پیٹ کرتے ہیں اور ماں۔ بہن کی گالیاں دیتے ہیں۔
پریس کانفرنس کے بعد تیجسوی یادو دربھنگہ روانہ ہوئے، جہاں انھوں نے زخمی یوٹیوبر سے ملاقات کی۔ وہ بعد ازاں زخمی کو سنگھواڑہ پولیس اسٹیشن لے گئے اور وزیر مشرا کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کرنے لگے۔
VIDEO | Patna: Bihar Assembly Leader of the Opposition and RJD leader Tejashwi Yadav, in a press conference, alleged that state Urban Development Minister Jivesh Mishra misbehaved and abused a journalist for asking questions about road construction in his constituency, Jale in… pic.twitter.com/VXkcDmLWZt
— Press Trust of India (@PTI_News) September 15, 2025
انھوں نے الزام عائد کیا کہ مقامی پولیس سیاسی دباؤ میں کارروائی کرنے میں تاخیر کررہی ہے۔ آر جے ڈی قائد نے حکومت پر راست الزام عائد کیا کہ وہ مشرا کو بچا رہی ہے۔ تیجسوی یادو نے پوچھا کہ جب سوال پوچھنے پر ایک صحافی کو وزیر مکّے مارتا ہے تو بہار میں عام آدمی کی حالت کیا ہوگی؟
انھوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ جیویش مشرا سابق میں جعلی دواؤں کے کیس میں خاطی قرار پاچکے ہیں۔ مشرا کو بہار پر دھبہ قرار دیتے ہوئے انھوں نے پوچھا کہ ایسا شخص کیوں وزیر بنا ہوا ہے؟
انھوں نے این ڈی اے حکومت پر لاقانونیت کو بڑھاوا دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ یہ واقعہ ثابت کرتا ہے کہ بہار میں پوری طرح لاقانونیت پائی جاتی ہے۔ صحافیوں پر ایسے حملے اگر جنگل راج نہیں ہیں تو پھر کیا ہیں؟
مجرم وزیر بن چکے ہیں۔ اس کرپٹ این ڈی اے حکومت میں بدمعاشوں کے حوصلے بلند ہیں۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ ہم انصاف کے لیے لڑتے رہیں گے۔ ہمارے پاس بطورِ ثبوت کئی ویڈیوز موجود ہیں۔